ویتنام میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، بھارتی سیاحوں سمیت 15 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ
کشتی میں 32 بھارتی سیاح اور چار عملہ کے ارکان سوار تھے۔ یہ کشتی ہون مے رت سے آن تھوئی پورٹ جا رہی تھی۔

Published : July 11, 2026 at 4:43 PM IST
ہنوئی: ویتنام کے مشہور سیاحتی جزیرے فو کوک کے قریب ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بھارتی سیاحوں کو لے جانے والی ایک اسپیڈ بوٹ سمندر میں الٹ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں بھارتی سیاحوں سمیت کم از کم 15 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
ویتنامی خبر رساں ادارے وی این ایکسپریس انٹرنیشنل کے مطابق کشتی میں 32 بھارتی سیاح اور چار عملہ کے ارکان سوار تھے۔ یہ کشتی ہون مے رت سے آن تھوئی پورٹ جا رہی تھی کہ ساحل سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر ہون مے رت نگوائی کے قریب اچانک الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تمام مسافر سمندر میں جا گرے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی سیاحتی کشتیوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بعد ازاں سرحدی محافظوں، بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر امدادی اداروں نے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
مقامی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اب تک 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم بھارتی سفارت خانے نے تاحال ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ دریں اثنا، ویتنام میں بھارتی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ہنوئی اور ہو چی منہ سٹی میں کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معلومات اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: امرناتھ سے لداخ تک نئی راہداری کی تجویز، یاترا اور سیاحت کو نئی سمت و فروغ ملنے کی توقع
سفارت خانے نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن پوری شدت سے جاری ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ ضرورت مند افراد اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ہنگامی رابطہ نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

