لبلبے کے کینسر کے مریضوں کے لیے بڑی راحت، نئی دوا کی منظوری
امریکہ نے لبلبے کےکینسر کی نئی دوا کو منظوری دے دی ہے ، تحقیق میں مریضوں کی بقا میں نمایاں اضافہ سامنے آیا۔

Published : August 28, 2026 at 2:43 PM IST
امریکہ: امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے لبلبے کے کینسر کے علاج کے لیے ایک نئی دوا ’’Rasonque‘‘ (ڈیروایکسونراسب) کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دوا خاص طور پر ایسے مریضوں کے لیے استعمال کی جائے گی جن کا کینسر جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل چکا ہے۔
26 اگست 2026 کو دی گئی منظوری کے بعد امریکا میں لبلبے کے کینسر کے مریضوں کے لیے علاج کا ایک نیا آپشن سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق(ایف ڈی اے) نے اس دوا کو مقررہ وقت سے تقریباً چھ ماہ پہلے فوری منظوری دی۔
یہ دوا ایک ایسے تبدیل شدہ پروٹین کو روکنے کا کام کرتی ہے جو لبلبے کے کینسر کے بیشتر کیسز میں ٹیومر کی افزائش میں کردار ادا کرتا ہے۔
دوا کی قیمت کتنی ہے؟
کمپنی ریلیوسوشن میڈیسن کے مطابق Rasonque روزانہ استعمال کی جانے والی گولی ہے اور اس کی ایک ماہ کی قیمت تقریباً 39,800 امریکی ڈالر ہے، جو بھارتی کرنسی میں تقریباً 33 لاکھ روپے ماہانہ ہوتے ہیں۔
تحقیق میں کیا سامنے آیا؟
تحقیق میں تقریباً 500 ایسے مریض شامل تھے جن کا میٹاسٹیٹک کینسر کا پہلے کیے گئے علاج پر ردعمل ظاہر کرنا بند کر چکا تھا۔تحقیق کے مطابق نئی دوا لینے والے مریض اوسطاً 13.2 ماہ تک زندہ رہے، جبکہ کیموتھراپی لینے والے مریضوں میں یہ مدت 6.7 ماہ رہی، تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ دوا لینے والے مریضوں میں بعض سنگین مضر اثرات نسبتاً کم دیکھے گئے۔
دوا کے ممکنہ مضر اثرات
Rasonque کے عام مضر اثرات میں:
جلد پر دانے یا خارش
اسہال
منہ کے اندرونی حصے میں سوزش
متلی
تھکن
قے
پیٹ میں درد
جسم میں سوجن
بھوک میں کمی
خون بہنا شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ دوا مکمل علاج نہیں ہے، تاہم لبلبے کے کینسر کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ضرور سمجھی جا رہی ہے۔
لبلبے کا کینسر اتنا خطرناک کیوں ہے؟
لبلبے کا کینسر خطرناک بیماریوں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ ابتدائی مرحلے میں اس کی علامات اکثر واضح نہیں ہوتیں اور جسم کے دوسرے حصوں تک پھیلنے سے پہلے اس کی تشخیص مشکل ہوتی ہے۔
امریکن کینسر سوسائٹی کے اندازے کے مطابق امریکا میں رواں سال لبلبے کے کینسر کے تقریباً 67 ہزار نئے کیسز سامنے آسکتے ہیں، جبکہ 52 ہزار سے زائد اموات کا خدشہ ہے۔ اس بیماری کے مریضوں کی مجموعی پانچ سالہ بقا کی شرح تقریباً 13 فیصد ہے۔
لبلبے کے کینسر کی تشخیص مشکل کیوں ہوتی ہے؟
لبلبہ پیٹ کے اندر موجود ہوتا ہے، اس لیے معمول کے جسمانی معائنے کے دوران ٹیومر کا پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ ابتدائی علامات بھی اکثر معمولی ہوتی ہیں اور بدہضمی، تھکن یا دیگر عام مسائل جیسی محسوس ہو سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے بہت سے مریضوں میں کینسر کی تشخیص بیماری کے بعد کے مرحلے میں ہوتی ہے۔
لبلبے کے کینسر کی ممکنہ علامات
لبلبے کے کینسر کی علامات میں شامل ہو سکتی ہیں:
پیٹ میں درد جو پہلو یا کمر تک پھیل سکتا ہے
بھوک میں کمی
وزن کم ہونا
جلد اور آنکھوں کا پیلا پڑنا، جسے یرقان کہتے ہیں
ہلکے رنگ کا یا پانی پر تیرنے والا پاخانہ
گہرے رنگ کا پیشاب
جلد پر خارش
ذیابیطس ہونا یا ذیابیطس کا کنٹرول مشکل ہونا
ہاتھ یا پاؤں میں درد اور سوجن، جو خون کے لوتھڑے کی وجہ سے ہو سکتی ہے
تھکن یا کمزوری
لبلبے کے کینسر کی وجوہات اور خطرے کے عوامل
ماہرین کے مطابق لبلبے کا کینسر کس وجہ سے ہوتا ہے، یہ ہمیشہ واضح نہیں ہوتا، تاہم کچھ عوامل اس بیماری کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔
سگریٹ نوشی
ٹائپ 2 ذیابیطس
لبلبے میں طویل عرصے تک سوزش، جسے پینکریاٹائٹس کہتے ہیں
خاندان میں لبلبے کے کینسر کی تاریخ
بعض موروثی جینیاتی تبدیلیاں، جیسے BRCA2 اور Lynch syndrome
موٹاپا
زیادہ عمر، خصوصاً 65 سال سے زائد عمر
بہت زیادہ شراب نوشی شامل ہیں۔
نوٹ: اس خبر میں دی گئی دوا اور تحقیق سے متعلق دعووں کو مریض اپنے ڈاکٹر سے مشورے کے بغیر علاج کے طور پر اختیار نہ کریں۔

