ETV Bharat / health

مانسون میں ماہواری کے دوران انفیکشن سے کیسے بچیں؟ جانیں ماہرین کی رائے

مانسون میں نمی اور حبس کے باعث ماہواری کے دوران فنگل اور بیکٹیریل انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، ماہرین نے صفائی پر زور دیا۔

مانسون میں ماہواری کے دوران انفیکشن سے کیسے بچیں؟ جانیں ماہرین ک رائے
مانسون میں ماہواری کے دوران انفیکشن سے کیسے بچیں؟ جانیں ماہرین ک رائے ((GETTY IMAGES))
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : September 3, 2026 at 11:21 AM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

مانسون جہاں گرمی سے راحت دیتا ہے، وہیں اس موسم میں فنگل اور بیکٹیریل انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہواری کے دوران نمی اور حبس کی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں جن میں بیکٹیریا اور فنگس تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں انفیکشن، خارش اور جلد پر دانوں یا ریشز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین اس دوران ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی پورے سال ضروری ہے، لیکن بارش کے موسم میں اس پر مزید توجہ دینا چاہیے۔

ممبئی کے سیفی اسپتال کی کنسلٹنٹ گائناکولوجسٹ ڈاکٹر ندھی شرما چوہان کے مطابق مانسون کے دوران سینیٹری مصنوعات کو باقاعدگی سے تبدیل کرنا سب سے اہم احتیاطی تدابیر میں سے ایک ہے۔ چاہے آپ سینیٹری پیڈ، ٹیمپون یا ماہواری کا کپ استعمال کرتی ہوں، انہیں ہر تین سے چار گھنٹے میں تبدیل کریں، چاہے وہ مکمل طور پر بھرے نہ ہوں۔ اس سے نمی جمع نہیں ہوتی اور بیکٹیریا کی افزائش کا امکان کم ہوجاتا ہے، جس سے انفیکشن سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔

کیا کریں، کیا نہ کریں؟

صحیح لباس کا انتخاب بھی بہت اہم ہے، ڈھیلے ڈھالے اور ہوا دار سوتی انڈرگارمنٹس اور کپڑے ہوا کی آمدورفت میں مدد کرتے ہیں، جبکہ تنگ اور مصنوعی کپڑے پسینے اور نمی کو روک سکتے ہیں، جس سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بارش کے موسم میں اگر کپڑے گیلے ہوجائیں تو انہیں جلد از جلد تبدیل کرلیں، ورنہ فنگل انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

پرائیویٹ پارٹس کی مناسب صفائی بھی ضروری ہے، جنسی حصے کو سادہ پانی سے آگے سے پیچھے کی جانب دھوئیں اور اسے صاف اور خشک رکھیں۔ انٹی میٹ واش، خوشبودار صابن یا ڈوچنگ کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ اندام نہانی میں موجود قدرتی بیکٹیریا کے توازن کو متاثر کرسکتے ہیں اور انفیکشن کا سبب بن سکتے ہیں۔ صفائی کے بعد اس حصے کو نرمی سے تھپتھپا کر خشک کریں، رگڑنے سے گریز کریں۔

انفیکشن سے بچنے کا ایک آسان لیکن اہم طریقہ یہ بھی ہے کہ ماہواری کی مصنوعات استعمال کرنے سے پہلے اور بعد میں ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں۔ اس کے علاوہ صحت مند رہنے کے لیے متوازن غذا لینا اور جسمانی طور پر متحرک رہنا بھی ضروری ہے۔ شدید بارش کے باعث اگر باہر کی سرگرمیاں محدود ہوں تو گھر کے اندر ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی کی جاسکتی ہے۔

یہ احتیاط ان خواتین کے لیے خاص طور پر اہم ہے جنہیں ذیابیطس یا انسولین ریزسٹنس ہے، کیونکہ ان میں بار بار وگائنل انفیکشن ہونے کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کھانے کے بعد 10 سے 20 منٹ کی چہل قدمی اور مٹھی بھر نٹس دل کو رکھ سکتے ہیں صحت مند

ان علامات کو نظرانداز نہ کریں

اگر مسلسل خارش، غیر معمولی ڈسچارج، بدبو، درد یا بخار جیسی علامات برقرار رہیں تو انہیں نظرانداز نہ کریں۔ بروقت ڈاکٹر سے مشورہ کرنے سے معمولی انفیکشن کو سنگین پیلوک انفیکشن میں تبدیل ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ مناسب صفائی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے مانسون کے دوران ماہواری کو زیادہ صحت مند اور آرام دہ بنایا جاسکتا ہے۔