فلم 'ہنومان انش' کا باکس آفس پر دھماکہ، دو کروڑ کے بجٹ میں 50 کروڑ سے زائد کمائی، ورلڈ وائیڈ ریلیز کا اعلان
فلم کی مقبولیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ نیم کروڑی بابا کی زندگی سے متاثر یہ فلم اب دنیا بھر میں ریلیز کی جائیگی۔

Published : September 3, 2026 at 12:24 PM IST
حیدرآباد: فلم ہنومان انش نے بھارتی باکس آفس پر اپنی دھاک برقرار رکھی ہوئی ہے۔ فلم اپنی ریلیز کے 27 دن مکمل کرچکی ہے اور اب تک 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرچکی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ فلم محض 2 کروڑ روپے کے معمولی بجٹ میں بنائی گئی ہے اور روزانہ کی کمائی کے معاملے میں راکنگ اسٹار یش کی فلم ’ٹاکسک‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فلم کی مقبولیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ نیم کروڑی بابا کی زندگی سے متاثر فلم ’ہنومان انش‘ کو اب دنیا بھر میں ریلیز کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، ’کے جی ایف‘ کے میکرز ہومبلے فلمز نے فلم کی ورلڈ وائیڈ ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
دنیا بھر میں کب ریلیز ہوگی ’ہنومان انش‘؟
3 ستمبر کی صبح ہومبلے فلمز نے ’ہنومان انش‘ کی باکس آفس کامیابی پر فلم کی ٹیم کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی اس کی ورلڈ وائیڈ ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کیا۔
ہومبلے فلمز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’عقیدے سے جڑی ایک کہانی، سرحدوں سے آگے کا ایک سفر۔ ہم ہومبلے فلمز اور ہومبلے اوورسیز کے ذریعے ’ہنومان انش‘ کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ مہاراج جی کا روحانی سفر اب دنیا تک پہنچ رہا ہے۔ ’ہنومان انش‘ 11 ستمبر 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔‘‘
یعنی اب ’ہنومان انش‘ دنیا بھر کے باکس آفس پر بھی اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
’ہنومان انش‘ کا بھارتی باکس آفس کلیکشن
’ہنومان انش‘ 7 اگست کو ریلیز ہوئی تھی اور فلم نے پہلے دن محض 10 لاکھ روپے کی کمائی سے کھاتہ کھولا تھا۔ فلم 16 دن تک لاکھوں کے اعداد و شمار میں کمائی کرتی رہی، تاہم 17ویں دن اس نے سب کو حیران کردیا۔
فلم نے 17ویں دن 2.20 کروڑ روپے کمائے، جس کے بعد باکس آفس پر اس کی کمائی کا پورا منظر بدل گیا۔ اس کے بعد فلم کی روزانہ کی کمائی کروڑوں روپے سے نیچے نہیں آئی۔
فلم کا 27 دنوں میں سب سے زیادہ یومیہ کلیکشن 12.75 کروڑ روپے رہا، جو اس نے 24ویں دن، یعنی اتوار کو کیا۔ وہیں 27ویں دن فلم نے 7.75 کروڑ روپے کا کلیکشن کیا۔
مزید پڑھیں:’ہنومان انش‘ نے کمائی میں ’ٹاکسک‘ کو پیچھے چھوڑ دیا
رپورٹس کے مطابق ’ہنومان انش‘ نے 27 دنوں میں بھارت میں 72.97 کروڑ روپے کا گراس اور 61.88 کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن کرلیا ہے، اب یہ فلم دنیا بھر کے سینما گھروں میں اپنی دھاک جمانے کے لیے تیار ہے۔

