’میں شادی سے پہلے پلے بوائے تھا، اپنے معاشقوں کی گنتی بھی نہیں کر سکتا‘، اداکار رام کپور کا چونکا دینے والا اعتراف
کپور اور گوتمی کی پہلی ملاقات 2000 میں "گھر ایک مندر" کے سیٹ پر ہوئی۔ دونوں میں پہلے دوستی ہوئی اور بعد میں محبت ہوگئی۔

Published : July 7, 2026 at 6:25 PM IST
ممبئی: ٹیلی ویژن کے معروف اداکار رام کپور نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی سے قبل وہ خود کو "پلے بوائے" سمجھتے تھے اور ان کے اتنے معاشقے رہے کہ وہ ان کی تعداد بھی یاد نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ معروف پروڈیوسر ایکتا کپور نے ان کی اہلیہ گوتمی کپور کو شادی سے پہلے ان کے ماضی کے بارے میں خبردار بھی کیا تھا۔
رام کپور نے یہ انکشاف ریئلٹی شو "Lock Upp: Sach Ya Sazaa" میں کیا، جہاں گفتگو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ ان کی زندگی میں کتنے افیئرز رہے ہیں۔ اس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "شادی کے بعد تو ایک بھی نہیں۔" جب ان سے وضاحت کی گئی کہ سوال شادی سے پہلے کے تعلقات کے بارے میں ہے تو انہوں نے بے جھجھک کہاکہ "میں پلے بوائے تھا، اپنے افیئرز کی گنتی بھی نہیں کر سکتا۔"
رام کپور نے بتایا کہ جب ان کے اور گوتمی کے رشتے کی خبر عام ہوئی تو ان کی قریبی دوست ایکتا کپور نے گوتمی کو فون کرکے کہاکہ "کیا تم واقعی رام سے شادی کر رہی ہو؟ اس کے بہت سارے افیئرز رہ چکے ہیں۔" رام کا کہنا تھا کہ ایکتا کی تشویش بالکل درست تھی کیونکہ اس وقت ان کی شخصیت ہی ایسی تھی۔ انہوں نے کہاکہ "میں مانتا ہوں کہ ایکتا نے جو کیا وہ بالکل صحیح تھا، کیونکہ میں واقعی ویسا ہی تھا۔ وہ گوتمی کی فکر کر رہی تھیں۔"
رام کپور اور گوتمی کی پہلی ملاقات سن 2000 میں مشہور ٹی وی سیریل "گھر ایک مندر" کے سیٹ پر ہوئی۔ ابتدا میں دونوں کے درمیان دوستی ہوئی جو وقت گزرنے کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران گوتمی اپنی پہلی شادی کے خاتمے کے بعد ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں اور رام کپور نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں تقریباً دو سال تک ایک دوسرے کو جانتے رہے، کچھ عرصہ ایک ساتھ بھی رہے اور بالآخر 14 فروری 2003 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے گوری اسپریٹ سے تیسری شادی کر لی
شادی کے دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد بھی رام اور گوتمی ٹیلی ویژن کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے دو بچے ہیں، بیٹی سیا اور بیٹا اکس۔ دونوں اکثر سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز اور خاندانی لمحات اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ رام کپور کا کہنا ہے کہ ماضی اپنی جگہ، لیکن شادی کے بعد انہوں نے ہمیشہ اپنے ازدواجی رشتے کو اولین ترجیح دی اور اپنی زندگی میں کبھی بے وفائی نہیں کی۔

