ایران جنگ بندی سے شیئر بازار اور سونے کے دام میں بھاری اچھال، سینسیکس میں 2,775 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ
ایران-امریکہ کے بیچ عارضی جنگ بندی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ کے ساتھ سینسیکس نے 2,775 پوائنٹس کی چھلانگ لگائی ہے۔

Published : April 8, 2026 at 1:18 PM IST
ممبئی: بدھ کا دن بھارتی اسٹاک مارکیٹ کے لیے جشن اور خوشی کا دن ثابت ہوا۔ مشرق وسطیٰ (امریکہ-اسرائیل-ایران) جنگ میں دو ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ملکی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ مارکیٹ کھلتے ہی سینسیکس اور نفٹی میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جس نے چند منٹوں میں سرمایہ کاروں کی دولت میں 14 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ کر دیا۔
بازار کا حال: پوائنٹس کا سونامی
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا بینچ مارک انڈیکس 'سینسیکس' ابتدائی ٹریڈنگ میں 3.71 فیصد، یا 2،775 پوائنٹس کے ساتھ 77،392.31 کی انٹرا ڈے اونچائی پر پہنچ گیا۔ دریں اثنا، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) نفٹی بھی 3.52 فیصد، یا 815 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 23،938 پر کاروبار کرتا دکھا۔ بازار میں اس ریکارڈ اچھال سے سرمایہ کاروں کو راحت ملی ہے، کیونکہ جغرافیائی سیاسی تناؤ کی وجہ سے مارکیٹ گزشتہ چند سیشنز سے کافی دباؤ میں تھا۔
بازار میں تیزی کی اہم وجوہات
مارکیٹ میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ دو ہفتے کی "دوہری جنگ بندی" کا اعلان ہے۔ امریکہ نے اپنے حملے اس شرط پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے کہ ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا۔
یہ خبر آتے ہی بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ تقریباً 15 فیصد گر کر تقریباً 91 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جب کہ یو ایس ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت میں 20 فیصد کی زبردست کمی دیکھی گئی۔ یہ بھارت جیسے تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے ایک بڑی راحت ہے، جس سے مہنگائی کم ہونے کی امیدیں بڑھ رہی ہیں۔
مارکیٹ کے تمام بڑے شعبے آج ہرے نشان میں ٹریڈ کر رہے ہیں۔ ریئل اسٹیٹ، آٹو، بینکنگ، اور آئی ٹی اسٹاکس میں خاص طور پر چھ فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں طوفانی تیزی
وہیں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی ڈرامائی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خام تیل کا دام کم اور ڈالر کے کمزور ہوتے ہی سونے اور چاندی جیسی دھاتوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سونے کی قیمت میں تقریباً 2.5 فیصد اور چاندی کی قیمت میں 6 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر جون فیوچر سونے کی قیمتیں 3,688 روپے یا 2.45 فیصد اضافے کے ساتھ 1,53,977 روپے فی 10 گرام کی انٹرا ڈے اونچائی پر پہنچ گئیں۔ آج فی گرام (24 قیراط) 15382 روپے ہے جو کہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 398 روپے زیادہ ہے۔
دریں اثنا، مئی فیوچر چاندی کی قیمتوں میں تقریباً 13,422 روپے کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو 2,44,770 روپے فی کلوگرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات
مارکیٹ ماہرین کے مطابق اس اضافے کے پیچھے کئی اہم وجوہات ہیں جس میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ، ڈالر کی کمزوری اور نچلی سطح پر خریداری شامل ہے۔ مغربی ایشیا کے بحران کے دوران قیمتوں میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں نے اسے خریداری کے ایک اچھے موقع کے طور پر دیکھا۔ کم قیمتوں پر مانگ میں اضافے نے قیمتوں کو مضبوطی دی ہے۔
مزید پڑھیں:
ہوائی سفر ہوا مہنگا، ایئر انڈیا نے فیول سرچارج میں اضافہ کیا، جانیں کتنا بڑھا کرایہ
مغربی ایشیا کا بحران آپ کے کھانے پر کیا اثر ڈالے گا؟ ایف اے او نے نئی رپورٹ جاری کر دی

