ETV Bharat / business

سونے کی قیمت میں 3,300 روپے کی کمی، مسلسل تیسرے روز بڑی گراوٹ

25 اگست کو سونا 1,67,100 روپے فی 10 گرام کی سطح پر پہنچا تھا، جس کے بعد سے قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔

سونے کی قیمت میں 3,300 روپے کی کمی، مسلسل تیسرے روز بڑی گراوٹ
سونے کی قیمت میں 3,300 روپے کی کمی، مسلسل تیسرے روز بڑی گراوٹ (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 29, 2026 at 4:48 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی : امریکی ڈالر کی مضبوطی اور حالیہ تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع وصولی کے باعث ہندوستانی بازار میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو قومی دارالحکومت میں 99.9 فیصد خالص سونے کی قیمت 3,300 روپے کم ہوکر 1,62,400 روپے فی 10 گرام ہوگئی۔ مقامی تاجروں کے مطابق اس قیمت میں تمام ٹیکس شامل ہیں۔

جمعرات کو سونے کی قیمت 1,65,700 روپے فی 10 گرام تھی۔ اس طرح صرف تین کاروباری سیشنز میں سونے کی قیمت 4,700 روپے یعنی تقریباً 3 فیصد کم ہوچکی ہے۔ 25 اگست کو سونا 1,67,100 روپے فی 10 گرام کی سطح پر پہنچا تھا، جس کے بعد سے قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔ سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی گھریلو بازار میں نمایاں کمی ہوئی۔

چاندی 5,000 روپے کی گراوٹ کے ساتھ 2,45,500 روپے فی کلوگرام ہوگئی، جبکہ گزشتہ کاروباری سیشن میں اس کی قیمت 2,50,500 روپے فی کلوگرام تھی۔ ماہرین کے مطابق رواں ہفتے قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہا ہے۔ حالیہ تیزی کے بعد مسلسل تیسرے روز سرمایہ کاروں نے منافع وصول کیا، جبکہ عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر 99.15 کی سطح سے اوپر مضبوط ہونے سے سونے پر اضافی دباؤ آیا۔

ایل کے پی سیکوریٹی کے کموڈیٹی اینڈ کرنسی ریسرچ کے نائب صدر جتین ترویدی کے مطابق ڈالر کی مضبوطی اور منافع وصولی نے سونے کی قیمت کو متاثر کیا ہے۔ گھریلو بازار میں سونے کی قیمتوں پر کسٹم ڈیوٹی میں ممکنہ کمی کی افواہوں کا بھی اثر پڑا ہے۔ موتی لال جیسوال فینانشل سرویس کے کموڈیٹیز اینالسٹ مانَو مودی کے مطابق اسمگلنگ میں اضافے کے درمیان کسٹم ڈیوٹی کم کیے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں نے گھریلو قیمتوں پر دباؤ بڑھایا اور ہندوستانی و عالمی بازاروں کے درمیان قیمتوں کے فرق کو بھی متاثر کیا۔

عالمی بازار میں بھی اسپاٹ گولڈ معمولی کمی کے ساتھ 4,599.70 امریکی ڈالر فی اونس کے قریب رہا۔ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی جیکسن ہول سمپوزیم میں تقریر پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی شرح سود، افراط زر اور ڈالر کی سمت کے بارے میں فیڈرل ریزرو کے اشارے سونے کی آئندہ قیمتوں کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔ اگر فیڈ کا مؤقف توقع سے زیادہ سخت رہا تو ڈالر کو مزید تقویت مل سکتی ہے، جس سے سونے پر دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی کمیشن کا آر ایس ایس پر نفرت پھیلانے کا الزام، بھاگوت سے مذاکرات کی پیشکش

دوسری جانب اگر ڈالر کمزور ہوتا ہے تو سونے کو دوبارہ تیزی حاصل ہوسکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی بازار میں چاندی نے سونے کے برعکس کارکردگی دکھائی اور اس کی قیمت 1.51 فیصد اضافے کے ساتھ 70.31 ڈالر فی اونس ہوگئی۔