وی بی جی رام جی ایکٹ آج سے نافذ، حکومت کا مزدوروں کی اجرت میں اضافے کا دعویٰ
حکومت کے مطابق اس اسکیم سے قومی اوسط مزدوری بڑھ کر 327.4 روپے یومیہ ہوگئی ہے جو منریگا کے تحت پہلے 298.8 روپے یومیہ تھی۔

Published : July 1, 2026 at 10:28 AM IST
|Updated : July 1, 2026 at 10:35 AM IST
نئی دہلی: وکاس بھارت روزگار اور اجیویکا مشن (گرامین) ایکٹ، 2025، آج یکم جولائی سے نافذ ہو گیا ہے۔ مرکز نے منگل کو نئی دیہی روزگار گارنٹی اسکیم کے تحت اجرت کی نظرثانی شدہ شرحوں نوٹیفائی کر دیا ہے۔ اس موقعے پر حکومت نے کہا کہ پہلے منریگا کے تحت ملنے والی قومی اوسط مزدوری 298.8 روپے یومیہ کو بڑھا کر اب وی بی جی رام جی اسکیم کے تحت 327.4 روپے یومیہ کر دیا گیا ہے۔
دیہی ترقی کی وزارت نے کہا کہ نظرثانی شدہ اجرت کی شرحیں، یکم جولائی سے تمام 34 ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مزدوری والے علاقوں میں لاگو کر دی گئی ہیں۔ حکومت نے مزید کہا کہ 300 روپے یومیہ کی ایک نئی بنیادی مزدوری کی قیمت شروع کی گئی ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پروگرام کے تحت نوٹیفائی کی گئی کسی بھی مزدوری کی قیمت اس سطح سے کم نہ ہو۔ حکومت نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک بھر میں اجرت کی شرح میں اوسطاً 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
وزارت نے کہا کہ یہ ایکٹ اہل دیہی خاندانوں کو 125 دنوں تک بامعاوضہ روزگار کی قانونی ضمانت فراہم کرتا ہے، جب کہ منریگا کے فریم ورک کے تحت 100 دنوں کی ہی ضمانت دی گئی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 21 ریاستوں اور یوٹیز کو 300 روپے کی نئی بنیادی مزدوری کی شرح پر لایا گیا ہے، جب کہ اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور آسام جیسی ریاستوں میں مزدوری میں 15 فیصد سے 25 فیصد تک اضافہ دیکھا جائے گا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اروناچل پردیش اور ناگالینڈ میں تقریباً 24.5 فیصد اضافہ دیکھا جائے گا۔
حکومت نے کہا کہ نظرثانی شدہ مزدوری کا ڈھانچہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے کہ کم مزدوری کی شرح والی ریاستوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ اس نے مزید کہا کہ زیادہ موجودہ اجرت کی شرح والی ریاستوں کو بھی اس سے فائدہ ہوا ہے۔
اس میں ہریانہ میں 409 روپے یومیہ، گوا میں 406 روپے، کیرالہ میں 401 روپے، اور سکم میں اونچائی والی گرام پنچایتوں میں 450 روپے یومیہ اجرت کی نوٹیفائیڈ شرحیں شامل ہیں۔ وزارت نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو 95,692.31 کروڑ روپے کا عبوری بجٹ مختص کیا گیا ہے تاکہ بروقت اجرت کی ادائیگی اور نئے فریم ورک کے تحت کام کو آسانی سے نافذ کیا جا سکے۔
مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت کی ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی اہل دیہی مزدور ایک دن بھی کام کے بغیر نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وی بی جی رام جی ایکٹ کا تعارف خوشحال دیہاتوں کے ذریعے ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی طرف ایک تاریخی قدم ہے اور کہا کہ مرکز اور ریاستوں نے اس کے نفاذ کے لیے مل کر کام کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
وی بی جی رام جی بل ایک تاریخی قدم. اشوک کول کا گاندربل میں کارکنوں سے خطاب
کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس جاری، 'جی رام جی' قانون سمیت کئی ایشوز پر ہوگا تبادلہ خیال
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کل، نئے 'جی رام جی' قانون کے خلاف کرے گی ملک گیر احتجاج

