ETV Bharat / bharat

آئی آئی ٹی دہلی میں احتجاج پر ڈائریکٹر کی وارننگ، دھمکی آمیز نعروں پر طلبا کے خلاف کارروائی کا انتباہ

رنگن بنرجی نے کہاکہ اس طرح کا رویہ فیکلٹی ارکان اور ان کے افراد خاندان کی سلامتی، رازداری اور پُرامن زندگی کو متاثر کرتا ہے۔

آئی آئی ٹی دہلی میں احتجاج پر ڈائریکٹر کی وارننگ، دھمکی آمیز نعروں پر طلبا کے خلاف کارروائی کا انتباہ
آئی آئی ٹی دہلی میں احتجاج پر ڈائریکٹر کی وارننگ، دھمکی آمیز نعروں پر طلبا کے خلاف کارروائی کا انتباہ (FILE- IANS)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 29, 2026 at 1:20 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی : آئی آئی ٹی دہلی میں 31 سالہ ایم ایس سی طالب علم کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر جاری احتجاج کے دوران ادارے کے ڈائریکٹر رنگن بنرجی نے طلبہ کو نظم و ضبط کی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کیمپس کے پُرامن ماحول، تعلیمی سرگرمیوں اور رہائشی علاقوں کے معمولات میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر نے جمعہ کو طلبہ کو ارسال کردہ ای میل میں کہا کہ جمعرات کی رات احتجاج میں نمایاں شدت دیکھی گئی اور مظاہرین کی سرگرمیاں کیمپس کے رہائشی علاقوں تک پہنچ گئیں۔ ان کے مطابق ایک گروپ نے رات تقریباً ساڑھے 10 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک فیکلٹی ہاؤسنگ کے باہر احتجاج کیا اور ایسے نعرے لگائے جنہیں انتظامیہ نے نامناسب، توہین آمیز اور دھمکی آمیز قرار دیا۔

رنگن بنرجی نے کہا کہ اس طرح کا رویہ فیکلٹی ارکان، ان کے اہل خانہ، بچوں اور بزرگ افراد کی سلامتی، رازداری اور پُرامن زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ کیمپس کے رہائشی علاقوں سمیت کلاسز، تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر معمولات میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔ یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب طالب علم کی موت کے بعد طلبہ کا احتجاج مسلسل چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے۔

احتجاج کرنے والے طلبہ واقعے کی آزادانہ تحقیقات، ادارے کے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی اور متوفی طالب علم کے اہل خانہ کے لیے معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، آئی آئی ٹی دہلی نے طالب علم کی موت کے حالات کی تحقیقات کے لیے قائم بیرونی تحقیقاتی کمیٹی کو ازسرنو تشکیل دیا ہے۔ ریٹائرڈ دہلی ہائی کورٹ جج مکتا گپتا کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہاراشٹر: بی جے پی کارکن 3,404 ایس آئی آر فارم کی فوٹو کاپی کرتے ہوئے پکڑا گیا، پانچ بی ایل اوز معطل

اس سے ایک روز قبل کمیٹی کے سابق چیئرمین اور اتراکھنڈ کے سابق ڈی جی پی اشوک کمار نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے کمیٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ان کی جانب سے کمیٹی سے الگ ہونے کے بعد ادارے نے تحقیقاتی پینل کی نئی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ مذکورہ طالب علم کی مبینہ طور پر 22 اگست کو آئی آئی ٹی دہلی کیمپس کی ایک عمارت سے گرنے کے بعد موت ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد طلبہ نے تحقیقات کے طریقہ کار اور ادارے کے ردعمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے احتجاج شروع کیا تھا۔