الیکشن کمیشن نے ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا، سی ای سی کا رویہ جارحانہ تھا، ابھیشیک بنرجی
ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ انتخابات میں ووٹ دھاندلی ووٹر لسٹ کے ذریعے ہو رہی ہے۔ ای وی ایم کے ذریعے نہیں۔

Published : December 31, 2025 at 10:53 PM IST
نئی دہلی: ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشیک بنرجی نے بدھ کے روز کہا کہ الیکشن کمیشن مغربی بنگال میں جاری ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی سے متعلق ان کے خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے اور اگر حتمی ووٹر لسٹ میں تضاد پایا جاتا ہے تو پارٹی اسے قبول نہیں کرے گی۔ بنرجی نے کہا ہم اس کا قانونی مقابلہ کریں گے۔
بنرجی نے یہ تبصرے ترنمول کانگریس کے 10 رکنی وفد نے ان کی پارٹی کے زیر اقتدار مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے عمل سے متعلق کمیشن کے فل بنچ سے ملاقات کے بعد کئے۔
ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا کہ انتخابات میں ووٹ دھاندلی ووٹر لسٹ کے ذریعے ہو رہی ہے۔ ای وی ایم کے ذریعے نہیں اور زور دے کر کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں جارحانہ انداز میں اس معاملے کو آگے بڑھاتی تو وہ مہاراشٹر، ہریانہ اور بہار جیسی ریاستوں میں جیت سکتی تھیں۔
بنرجی نے کہا کہ انہوں نے ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کئی خدشات کا اظہار کیا، جس میں 13.6 ملین ووٹروں کو طلب کرنا بھی شامل ہے۔ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری نے دعویٰ کیا کہ میٹنگ کے دوران چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کا رویہ جارحانہ تھا۔ انہوں نے کہا جب ہم نے بات شروع کی تو وہ (سی ای سی) اپنا غصہ کھونے لگے ، میں نے کہا آپ نامزد ہیں، میں منتخب ہوں...' اگر ان میں ہمت ہے تو وہ فوٹیج جاری کریں۔"
بنرجی نے الزام لگایا کہ کمیشن نے ان کے خدشات کو دور نہیں کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ حتمی ووٹر لسٹ کو ایس آئی آر مکمل ہونے کے بعد قبول کریں گے تو انہوں نے کہا کہ اگر اس میں تضادات ہیں تو ہم اسے کیوں قبول کریں گے؟ ہم قانونی طور پر اس کا مقابلہ کریں گے۔
ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا کہ دراندازی کا خدشہ پھیلا کر مغربی بنگال کو بدنام کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو چیلنج کیا کہ وہ ان 5.8 ملین ووٹرز میں سے بنگلہ دیشی اور روہنگیا افراد کی فہرست پیش کرے جن کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور تمام ہم خیال جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر لسٹ پر توجہ دیں۔
ترنمول لیڈر نے کہا کہ میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ ووٹ چوری ووٹر لسٹ میں ہو رہی ہے۔ ای وی ایم کے ذریعے نہیں۔ آپ نہیں جانتے کہ وہ لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لیے کون سے الگورتھم یا سافٹ ویئر استعمال کر رہے ہیں۔ وہ ووٹر لسٹ کو ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ووٹر حکومت کا انتخاب کرتے تھے، اب حکومت ووٹروں کو چن رہی ہے۔

