ایودھیا رام مندر چندہ چوری معاملہ: آر ایس ایس بھی برہم، مجرموں کو سخت سزا اور مندر انتظامیہ میں شفافیت کا مطالبہ
دتاتریہ نے ہندو سماج سے اپیل کی کہ وہ ایسے حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔

Published : July 3, 2026 at 8:54 PM IST
نئی دہلی: ایودھیا میں واقع رام مندر کے چندہ بکسوں سے مبینہ چوری کے معاملے پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے بھی شدید تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابلے نے کہا ہے کہ اس واقعے نے پورے ہندو سماج اور رام بھکتوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے، لہٰذا تحقیقات کے بعد جو بھی قصوروار ثابت ہو اسے سخت ترین سزا دی جانی چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دتاتریہ ہوسابلے نے کہا کہ شری رام للا مندر میں چندہ بکسوں سے چوری کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے اور اس سے لاکھوں عقیدت مندوں کے اعتماد کو دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر پورا ہندو سماج غم و غصے میں ہے۔ آر ایس ایس رہنما نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سمیت پورا ہندو سماج توقع کرتا ہے کہ رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ اس انتہائی قابلِ مذمت واقعے کو غیر معمولی اہمیت دے گا اور مندر کے انتظامی نظام میں موجود تمام خامیوں کو فوری طور پر دور کرے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ جاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قصوروار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ان کے مطابق موجودہ غیر یقینی اور ابہام کی کیفیت کا جلد خاتمہ ضروری ہے۔ دتاتریہ ہوسابلے نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ بعض "ہندو مخالف اور ملک دشمن عناصر" اس افسوسناک واقعے کو بنیاد بنا کر ہندو دھرم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ہندو سماج سے اپیل کی کہ وہ ایسے حالات میں صبر، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں تعمیر ہونے والا عظیم الشان رام مندر کئی نسلوں کی جدوجہد، لاکھوں رام بھکتوں کی قربانیوں اور طویل تحریک کا نتیجہ ہے، اس لیے اس کے تقدس، شفافیت اور عوامی اعتماد کو ہر حال میں برقرار رکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات اے ٹی ایس کی کارروائی، جیشِ محمد سے مبینہ تعلق رکھنے والے 8 افراد گرفتار
آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ مضبوط مالیاتی نظم و نسق، شفاف انتظامی نظام اور مذہبی تقدس کو یقینی بنا کر عقیدت مندوں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) اور مندر انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کرے تاکہ حقیقت سامنے آئے اور عوام کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔

