ETV Bharat / bharat

ریاست کیرالہ کا نام بدل کر ’کیرالم‘ کر دیا گیا: مرکزی کابینہ کی منظوری

کیرالہ اسمبلی نے 24 جون 2024 کو قرارداد منظور کرکے مرکز سے ریاست کا نام تمام زبانوں میں ’’کیرالم‘‘ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ریاست کیرالہ کا نام بدل کر ’کیرالم‘ کر دیا گیا: مرکزی کابینہ کی منظوری
ریاست کیرالہ کا نام بدل کر ’کیرالم‘ کر دیا گیا: مرکزی کابینہ کی منظوری (ANI)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : February 24, 2026 at 4:10 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے ریاست کیرالا کا نام سرکاری طور پر بدل کر ’’کیرالم‘‘ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اعلان کیا کہ کابینہ نے ریاستی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ اقدام کیرالہ اسمبلی انتخابات (اپریل-مئی) سے قبل سامنے آیا ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔

کیرالہ اسمبلی نے 24 جون 2024 کو متفقہ طور پر قرارداد منظور کی تھی جس میں مرکز سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ریاست کا نام آئین کی آٹھویں شیڈول میں شامل تمام زبانوں میں ’’کیرالم‘‘ درج کیا جائے۔ اس سے قبل اگست 2023 میں بھی ایسی ہی قرارداد منظور کی گئی تھی، تاہم وزارت داخلہ نے کچھ تکنیکی ترامیم تجویز کی تھیں، جس کے بعد نظرِ ثانی شدہ قرارداد دوبارہ منظور کر کے مرکز کو بھیجی گئی۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقامی زبان میں ریاست کا اصل نام ’’کیرالم‘‘ ہے، لہٰذا اسے سرکاری سطح پر بھی تسلیم کیا جانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق، نئی پی ایم او عمارت ’’سیوا تیرتھ‘‘ میں منعقدہ پہلی کابینہ میٹنگ میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔ آئینی تقاضوں کی تکمیل کے بعد نام کی تبدیلی کو باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کیرالا: کولم میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ہاسٹل میں دو کم عمر طالبات پراسرار طور پر مردہ پائی گئیں، خودکشی کا شبہ

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ انتخابی ماحول میں اہم علامتی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ریاست کی ثقافتی شناخت اور لسانی احترام کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔