ETV Bharat / bharat

'کے سی تیاگی سے ہمارا کوئی رشتہ نہیں'، نتیش کیلئے بھارت رتن مانگنے پر جے ڈی یو ترجمان کا بیان

نتیش کمار کے لیے 'بھارت رتن' مانگنے پر جے ڈی یو کے ترجمان نے کے سی تیاگی کے مطالبے سے پارٹی کو الگ کر لیا۔

نتیش کمار کیلئے بھارت رتن مانگنے پر کے سی تیاگی مشکل میں پڑ گئے
نتیش کمار کیلئے بھارت رتن مانگنے پر کے سی تیاگی مشکل میں پڑ گئے (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 10, 2026 at 2:13 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے 'بھارت رتن' کا مطالبہ کرنا کے سی تیاگی کو مہنگا ثابت ہوا ہے۔ ان کی اس مانگ سے پارٹی کے اندر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ پارٹی قیادت تیاگی کے مطالبے سے ناخوش نظر آ رہی ہے۔ جے ڈی یو کے قومی ترجمان نے اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ کے سی تیاگی کا پارٹی سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔

کے سی تیاگی کی جے ڈی یو سے چھٹی!

جے ڈی یو کے قومی ترجمان راجیو رنجن نے کہا کہ کے سی تیاگی نے حالیہ دنوں میں کئی بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیاگی کا پارٹی کے نظریہ یا سرکاری موقف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ رنجن نے یہاں تک کہا کہ کے سی تیاگی پارٹی کے ساتھ ہیں یا نہیں، پارٹی کے لیڈران اور کارکنان کو اس کی جانکاری نہیں ہے۔

"کے سی تیاگی کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ نتیش کمار کے لیے بھارت رتن کا مطالبہ ایک ذاتی معاملہ ہے۔ اسے ان کی ذاتی حیثیت میں دیا گیا بیان سمجھنا چاہیے۔ پارٹی کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔" – راجیو رنجن، قومی ترجمان، جے ڈی یو

معاملہ کیا ہے؟

نتیش کمار نے نومبر 2025 میں 10ویں بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ اس طرح انہوں نے سب سے زیادہ عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے والے اور سب سے زیادہ بار حلف لینے کا ریکارڈ قائم کیا۔ کے سی تیاگی نے کہا کہ سی ایم نتیش کمار نے طویل عرصے تک بہار کے لوگوں کی خدمت کی ہے۔

نتیش بھارت رتن کے مستحق: کے سی تیاگی

کے سی تیاگی نے آٹھ جنوری سال 2026 کو وزیر اعظم کو ایک خط لکھا، جس میں وزیر اعلی نتیش کمار کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اپنی سفارش میں کے سی تیاگی نے وزیر اعظم سے کہا کہ نتیش کمار اسی طرح بھارت رتن کے مستحق ہیں جس طرح آنجہانی چودھری چرن سنگھ اور بہار کے سابق سی ایم کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازا گیا۔

"کئی زندہ شخصیات کو بھارت رتن مل چکا ہے"

کے سی تیاگی کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی کئی زندہ شخصیات کو بھارت رتن سے نوازا جا چکا ہے۔ لاکھوں لوگوں کی طرف سے یہ درخواست ہے کہ سی ایم نتیش کمار کو بھارت رتن سے نوازا جائے۔ تاریخ آپ کی کاوشوں کو سراہتی رہے گی۔

کے سی تیاگی کے پارٹی سے تعلق پر سوال

کے سی تیاگی جے ڈی یو میں قومی سطح پر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے تک پارٹی کے قومی ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ستمبر سال 2024 میں کے سی تیاگی نے جے ڈی یو کے چیف ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تاہم وہ خود کو پارٹی کا قومی سکریٹری بتاتے رہتے ہیں۔ پارٹی نے ان کی جگہ راجیو رنجن کو قومی ترجمان مقرر کیا ہے۔

مزید پڑھیں:

کے سی تیاگی نے جے ڈی یو کے قومی ترجمان کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا
نیتیش کمار کو دسویں مرتبہ وزیراعلیٰ بننے پر ورلڈ بُک آف ریکارڈز کی مبارکباد، ’بھارت کی جمہوری تاریخ کا نایاب اعزاز‘