مودی اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو، غزہ امن منصوبے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ
دونوں رہنماؤں نے آنے والے سال میں ہندوستان - اسرائیل اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

Published : January 7, 2026 at 6:45 PM IST
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کو بدھ کے روز اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا ٹیلی فون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی اور غزہ امن منصوبے سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیتن یاہو نے غزہ پیس پلان کے نفاذ سے متعلق تازہ پیش رفت سے وزیر اعظم مودی کو آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم مودی نے مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ، پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے بھارت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ برس کے دوران بھارت-اسرائیل اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا، جو مشترکہ جمہوری اقدار، باہمی اعتماد اور مستقبل نگر وژن پر مبنی ہے۔
Glad to speak with my friend, Prime Minister Benjamin Netanyahu and convey New Year greetings to him and the people of Israel. We discussed ways to further strengthen the India-Israel Strategic Partnership in the year ahead.
— Narendra Modi (@narendramodi) January 7, 2026
We also exchanged views on the regional situation and…
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کو ایک بار پھر دہرایا اور اس عفریت کے خلاف ہر صورت مشترکہ طور پر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پی ایم او کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام اور شکلیں انسانیت کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے خلاف عالمی سطح پر سخت موقف اپنانا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سڈنی حملے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو آسٹریلین پی ایم پر برہم، کہا: آسٹریلیا کی پالیسیوں نے آگ میں گھی ڈالنے کا کام کیا
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ اپنے دوست وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کرکے خوشی محسوس کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے امن و خوشحالی کی خواہش رکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے خطے اور دنیا سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

