ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور آندھی کا الرٹ، تلنگانہ و آندھرا پردیش سمیت کئی ریاستوں میں ہیٹ ویو کی پیش قیاسی
آئی ایم ڈی نے بہار، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش میں آندھی اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Published : May 29, 2026 at 12:15 PM IST
نئی دہلی : محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) نے ملک کے مختلف حصوں میں 3 جون تک شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے مطابق جنوبی، مشرقی، شمالی اور مغربی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہے گا جبکہ بعض ریاستوں میں شدید گرمی کی لہر بھی جاری رہے گی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق بہار، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار رکھنے والی آندھی اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، جموں و کشمیر، لداخ اور کرناٹک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھرا پردیش، تلنگانہ، مدھیہ پردیش، ودربھ اور مغربی راجستھان کے کئی علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہے گی جبکہ رائلسیما، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں گرم اور مرطوب موسم لوگوں کو پریشان کرسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تلنگانہ میں یکم جون تک جبکہ ساحلی آندھرا پردیش اور یانام میں 31 مئی اور یکم جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ رائلسیما میں بھی 30 اور 31 مئی کے دوران بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'سونے میں کسی بھی ڈایزائن کو بنانا آسان ہے مگر ووڈ کارونگ میں میرا یہ چنار ملنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے'
آئی ایم ڈی نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہوتے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ملک کے مزید علاقوں میں مانسون کے پہنچنے کی توقع ہے۔ محکمہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ خراب موسم کے دوران کھلے میدانوں میں جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

