ETV Bharat / bharat

’’ترقی یا تباہی؟‘‘ راہل گاندھی کا گریٹ نکوبار منصوبے پر مودی حکومت پر بڑا حملہ

راہل نے کہاکہ اگر مقصد دفاعی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے تو موجودہ بحری اڈے آئی این ایس باز کو وسعت دی جاسکتی ہے۔

’’ترقی یا تباہی؟‘‘ راہل گاندھی کا گریٹ نکوبار منصوبے پر مودی حکومت پر بڑا حملہ
’’ترقی یا تباہی؟‘‘ راہل گاندھی کا گریٹ نکوبار منصوبے پر مودی حکومت پر بڑا حملہ (Etv Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : June 5, 2026 at 6:34 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر مرکزی حکومت کے مجوزہ ’’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ منصوبہ ماحولیات، مقامی آبادی اور قبائلی برادریوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

انڈمان و نکوبار کے دورے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے کہا کہ گریٹ نکوبار جزیرہ اپنے نایاب مرجانی چٹانوں، گھنے جنگلات اور منفرد حیاتیاتی تنوع کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، لیکن حکومت تجارتی مفادات کے لیے اس قدرتی ورثے کو نقصان پہنچانے جا رہی ہے۔

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے کے تحت تقریباً ڈیڑھ کروڑ درخت کاٹے جا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا بلکہ مقامی قبائلی برادریوں اور وہاں آباد ہزاروں خاندانوں کو بھی نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت دفاعی ضروریات اور ٹرانس شپمنٹ پورٹ کی آڑ میں ایک بڑے تجارتی منصوبے کو فروغ دے رہی ہے۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ اگر مقصد صرف دفاعی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے تو موجودہ بحری اڈے آئی این ایس باز کو وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب کیرالہ کے وِژنجم بندرگاہ منصوبے پر کام جاری ہے تو پھر ایک اور بڑے ٹرانس شپمنٹ پورٹ کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔

گریٹ نکوبار پروجیکٹ کے تحت ایک بین الاقوامی کنٹینر ٹرانس شپمنٹ ٹرمینل، گرین فیلڈ ایئرپورٹ، نئی ٹاؤن شپ اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شامل ہے۔ تاہم ماحولیاتی ماہرین اور سماجی کارکنوں کی جانب سے بھی اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انّاملائی نے بی جے پی سے استعفیٰ دے کر نئی سیاسی تحریک کا اعلان کر دیا: 2031 انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

راہل گاندھی نے کہا کہ ترقی ضروری ہے، لیکن ایسی ترقی جو ماحولیات، مقامی ثقافت اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ’’Green Over Greed‘‘ (لالچ پر سبز ترقی کو ترجیح دو) کے نعرے کے ساتھ کیا۔