’آپریشن ریج پِل‘ کے تحت 182 کروڑ روپے کی 'جہادی ڈرگ' کیپٹاگون کی پہلی کھیپ پکڑی گئی: امت شاہ
امت شاہ نے کہاکہ “مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی بار 182 کروڑ روپے مالیت کی کیپٹاگون منشیات ضبط کی ہے۔”

Published : May 16, 2026 at 3:16 PM IST
نئی دہلی : امت شاہ نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے پہلی مرتبہ “کیپٹاگون” نامی منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی ہے، جس کی مالیت تقریباً 182 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس کارروائی کو “آپریشن ریج پِل” کا نام دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مودی حکومت ایک “ڈرگ فری انڈیا” بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں نے مشرق وسطیٰ بھیجی جانے والی منشیات کی اس کھیپ کو پکڑ کر ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
امت شاہ نے اپنے بیان میں کہا، “مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ’آپریشن ریج پِل‘ کے تحت ہماری ایجنسیوں نے پہلی بار 182 کروڑ روپے مالیت کی کیپٹاگون منشیات ضبط کی ہے۔” انہوں نے اس منشیات کو نام نہاد “جہادی ڈرگ” بھی قرار دیا۔ وزیر داخلہ کے مطابق کارروائی کے دوران ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی منشیات کے خلاف حکومت کی “زیرو ٹالرینس” پالیسی کی مثال ہے۔
Modi govt is resolved for a ‘Drug-Free India’.
— Amit Shah (@AmitShah) May 16, 2026
Glad to share that through ‘Operation RAGEPILL’, our agencies have achieved the first-ever seizure of Captagon, the so-called “Jihadi Drug”, worth ₹182 crore.
The busting of the drug consignment destined for the Middle East and…
مرکزی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت ہر اُس گرام منشیات کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو بھارت میں داخل ہونے یا بھارتی سرزمین کو ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے این سی بی کے افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی مستعدی اور بہادری کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق “کیپٹاگون” ایک مصنوعی نشہ آور دوا ہے، جسے بعض بین الاقوامی غیر قانونی نیٹ ورکس کے ذریعے اسمگل کیا جاتا رہا ہے۔ عالمی سطح پر اس منشیات کے خلاف مختلف ممالک میں کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
حکومت کی جانب سے حالیہ برسوں میں منشیات کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا گیا ہے، اور مرکزی ایجنسیاں مختلف ریاستوں اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی بند کرو، ورنہ تاریخ بن کر رہ جاؤ گے: انڈین آرمی چیف کا پاکستان کو انتباہ
واضح رہے کہ امت شاہ کے بیان میں استعمال ہونے والی اصطلاح “جہادی ڈرگ” نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ مسلم حلقوں، سماجی کارکنوں اور مذہبی رہنماؤں نے اس لفظ پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ “جہاد” ایک مقدس اسلامی اصطلاح ہے جس کے معنیٰ برائی، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنا ہے، جبکہ اسلام میں منشیات اور نشہ آور اشیا مکمل طور پر حرام ہیں۔

