الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر ریاستوں میں مزید 22 رول آبزرورز تعینات کر دیے
جن ریاستوں میں مبصرین کو تفویض کیاگیا ہے ان میں مغربی بنگال، تمل ناڈو، اترپردیش، کیرالہ، گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ شامل ہیں۔

Published : January 21, 2026 at 1:14 PM IST
نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (اسپیشل انٹینسو ریویژن ـ ایس آئی آر) کے تحت مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مزید 22 رول آبزرورز تعینات کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مغربی بنگال میں رول آبزرورز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے، جن میں سے 11 نئے آبزرورز حال ہی میں تعینات کیے گئے ہیں۔
فی الحال ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے کا انعقاد نو ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کیا جا رہا ہے، جن میں انڈمان و نکوبار، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش اور لکشدیپ شامل ہیں۔ اس فہرست میں آئندہ انتخابات والی ریاستیں تمل ناڈو، مغربی بنگال، کیرالہ اور پڈوچیری بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، ان تقرریوں کا مقصد انتخابی فہرستوں کی تطہیر کو یقینی بنانا ہے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے باہر نہ رہ جائے اور کوئی نااہل فرد فہرست میں شامل نہ ہو۔ خصوصی رول آبزرورز ریاستی اور ضلعی سطح پر قومی و ریاستی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ چیف الیکٹورل آفیسرز اور ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرز کے ساتھ بالمشافہ یا ورچوئل اجلاسوں کے ذریعے پورے عمل کی شفافیت اور شراکتی نوعیت کو یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایس آئی آر کا دوسرا مرحلہ: 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تقریباً 6.5 کروڑ ووٹروں کے نام حذف
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کے اعلان کے وقت واضح کیا تھا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد ہر اہل ووٹر کو انتخابی فہرست میں شامل کرنا اور نااہل افراد کے نام خارج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر کی اہلیت آئین ہند کے آرٹیکل 326 میں درج ہے، جس کے مطابق ووٹر کا بھارتی شہری ہونا، کم از کم 18 سال عمر ہونا، متعلقہ حلقے کا مستقل رہائشی ہونا اور کسی قانون کے تحت نااہل قرار نہ دیا گیا ہونا ضروری ہے۔

