ETV Bharat / bharat

راہل گاندھی نے شیئر کیا ٹرین کا ویڈیو جس پر مچ گیا ہنگامہ، عوام نے بھی کی ریلوے کی سخت سرزنش

ٹرین میں نوجوان کی مبینہ موت والے اس ویڈیو پر ریلوے نے راہل کو جواب دیا جس پر ریلوے بھی عوام کے نشانے پر آگیا۔

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : June 16, 2026 at 3:44 PM IST

6 Min Read
Choose ETV Bharat

پٹنہ: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے 15 جون بروز پیر ایک ویڈیو شیئر کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں ٹرین کی بوگی کے اندر ایک نوجوان کی زیادہ بھیڑ اور گرمی کی وجہ سے دم گھٹنے سے موت ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس معاملے کے طول پکڑنے کے بعد اب ریلوے نے ایک بیان جاری کر کے راہل گاندھی کے پوسٹ پر جواب دیا ہے۔

اس ویڈیو نے مجھے جھنجھوڑ دیا: راہل گاندھی

اس خوفناک ویڈیو کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان امتحان دینے جا رہا تھا اور پٹنہ میں ٹرین میں سفر کے دوران دم گھٹنے سے اس کی موت ہو گئی۔ راہل گاندھی نے اپنے ایکس ہینڈل پر وائرل ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "اس ویڈیو نے جھنجھوڑ دیا۔ یہ ہندوستان کے وہ بے بس نوجوان ہیں جن کی حکومت اپنے ارب پتی دوستوں پر کروڑوں روپے لٹا دیتی ہے لیکن اپنے ہی طلبہ کو محفوظ سفر کی سہولت بھی نہیں دے سکتی۔''

"انتخابات کے دوران یہی حکومت پوری پوری ٹرینوں کا انتظام کر لیتی ہے، اور امتحان دینے جا رہے طلبہ کے حصے میں آتی ہے بھیڑ، گھٹن اور بے بسی۔ اس سے بڑا ثبوت کیا ہو گا کہ مودی سرکار طلبہ کی پکار نہیں سننا ہی چاہتی" - راہل گاندھی، کانگریس لیڈر

ہر طالب علم کو اس کا حق ملے گا: راہل گاندھی

اسی کے ساتھ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں عوام سے ایک بڑا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے لکھا کہ "میں وعدہ کرتا ہوں - ہم یہ آواز ان کے بہرے کانوں تک پہنچائیں گے۔ ہر طالب علم کو اس کا حق ملے گا، اسے انصاف ملے گا۔ 17 جون، کوٹا، یہ گونج اب ہنکار بنے گی۔"


ریلوے کا جواب

وائرل ویڈیو پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے بیان کے جواب میں ایسٹ سنٹرل ریلوے کے ایکس ہینڈل سے متعدد بیانات جاری کیے گئے۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے نے لکھا کہ "یہ آپ کو مطلع کرنا ہے کہ ویڈیو کی بغور جانچ اور مشاہدے کے بعد یہ طے پایا ہے کہ یہ واقعہ ایسٹ سنٹرل ریلوے سے متعلق نہیں ہے۔"

راہل گاندھی کی شیئر کی گئی پوسٹ کو دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے ایسٹ سنٹرل ریلوے نے جواب میں لکھا کہ "مذکورہ واقعہ پاٹلی پترا اسٹیشن کا نہیں ہے۔ یہ بھی واضح طور پر بتا دیا جائے کہ کسی بھی شخص کی موت کے بارے میں کسی بھی ذریعہ سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ براہ کرم ایسی کوئی افواہ/غلط جانکاری نہ پھیلائیں۔" حالانکہ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں کہیں بھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ یہ ویڈیو پاٹلی پترا اسٹیشن کا ہے۔"

ریلوے نے مزید لکھا کہ "ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی جسمانی حرکات و سکنات کی بنیاد پر پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ وہ شخص کسی طبی مسئلے یا تھکاوٹ سے متاثر ہوا ہوگا"۔

ریلوے کے جواب پر پھوٹا عوام کا غصہ

ویڈیو پر ہونے والے تنازع پر صارفین نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ریلوے کے جواب پر لوگوں نے سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو جنرل ڈبے کا ہی ہے مگر ریلوے کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ایک صارف راجیش کمار نے پوچھا کہ کیا یہ ویڈیا انڈین ریلوے کی ہے یا نہیں؟ کیا انڈین ریلوے نے یہ جاننے کی زحمت بھی کی کہ یہ واقعہ کس ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا؟ مرنے والا مسافر کہاں کا ہے؟ کیا انڈین ریلوے اپنے مسافر کا ٹرین کے ڈبے میں کے اندر ہوئی موت پر ایک تعزیتی پیغام دینے سے بھی رہا؟ کیا مسافر صرف ایک ٹکٹ نمبر رہ گیا ہے؟

راہل گاندھی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دینا چاہیے: گری راج سنگھ

اس معاملے پر بیگوسرائے میں ایک تقریب کے دوران مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ "راہل گاندھی خود فرضی ہیں، اسی لیے وہ فرضی ویڈیوز جاری کرتے ہیں۔ ریلوے نے اس کی تردید کی ہے اور کہا کہ ریلوے کو ایسے کسی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔"

"راہل گاندھی کو یہ فرضی کام بند کر دینا چاہیے۔ میں تو کہوں گا کہ اگر راہل گاندھی نے ایسا کیا ہے تو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کر دینا چاہیے اور ریلوے کو ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا چاہیے۔" - گری راج سنگھ، مرکزی وزیر

معاملہ کیا ہے؟

14 جون بروز اتوار بہار میں پولس بھرتی کا امتحان دینے جا رہے امیدوار پاٹلی پترا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین لیٹ ہونے کی وجہ سے بھڑک اٹھے۔ امتحانی مرکز دور ہونے اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہونے پر بڑی تعداد میں طلبہ نے ریلوے ٹریک پر اتر پر احتجاج کیا۔ یہاں تک کہ کئی طلبہ پٹریوں پر لیٹ گئے اور امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے بیچ ہاتھا پائی ہوئی۔ طلبہ نے پتھراؤ شروع کر دیا جس سے ریلوے کے انسپکٹر جنرل جتیندر رانا سمیت کئی پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:

جنرل کوچ سے نیچے گرا لڑکا، زنجیر کھینچنے کے بعد بھی نہیں رکی ٹرین، ریلوے حکام نے کہا تحقیقات جاری

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی ٹرین پر پتھراؤ، دو ملزمان گرفتار

چلتی ٹرین میں بہار کے نوجوان کا قتل، دو دن میں تین وارداتیں، سیریل کلر کا یوپی میں انکاؤنٹر

اتر پردیش میں ٹرین سے باہر پھینکے جانے سے بہار کے عالمِ دین کی موت پر اسد اویسی نے کارروائی کا کیا مطالبہ