این سی ای آر ٹی کی کتابوں سے “عدلیہ میں بدعنوانی” کا حوالہ حذف کیا جائے گا: سرکاری ذرائع
سرکاری ذرائع کے مطابق موجودہ چیف جسٹس نے بھی اس حوالے پر ناراضی ظاہر کی ہے اور اسے “نامناسب” قرار دیا ہے۔

Published : February 25, 2026 at 5:56 PM IST
نئی دہلی: سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی جماعت ہشتم کی نصابی کتابوں سے “عدلیہ میں بدعنوانی” سے متعلق حوالہ ہٹا دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا مواد “لکھا ہی نہیں جانا چاہیے تھا” اور طلبا کے لیے “حوصلہ افزا اور مثبت پہلوؤں” کو اجاگر کیا جانا چاہیے۔
متنازع حصے میں سابق چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی کے جولائی 2025 کے بیان کا حوالہ شامل تھا، جس میں انہوں نے عدلیہ کے اندر بدعنوانی اور بدانتظامی کے بعض واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے معاملات عوامی اعتماد پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ کتاب میں ان کے الفاظ نقل کیے گئے تھے: “عوامی اعتماد کی بحالی کا راستہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری، فیصلہ کن اور شفاف اقدامات سے ہو کر گزرتا ہے… شفافیت اور احتساب جمہوری اقدار ہیں۔”
سرکاری ذرائع کے مطابق موجودہ چیف جسٹس نے بھی اس حوالے پر ناراضی ظاہر کی ہے اور اسے “نامناسب” قرار دیا ہے۔ ادھر سپریم کورٹ نے اس معاملے پر “سنگین تشویش” کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے واضح کیا کہ عدالت کسی کو بھی ادارے کی “بدنامی” کی اجازت نہیں دے گی اور کہا کہ وہ از خود (سوموٹو) کارروائی بھی شروع کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ کسی معاملے پر خود نوٹس لے کر سماعت کرے۔
بدھ کے روز سینئر وکیل کپل سبل اور ڈاکٹر ابھیشیک منوسنگھوی نے چیف جسٹس کے روبرو اس مسئلے کو اٹھایا۔ کپل سبل نے کہا: “ہم اس ادارے کے ارکان کی حیثیت سے شدید مضطرب ہیں کہ جماعت ہشتم کے طلبہ کو عدلیہ میں بدعنوانی کے بارے میں پڑھایا جا رہا ہے۔ یہ سراسر افسوسناک ہے اور ہمارے پاس کتاب کی نقول موجود ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں: درسی کتابوں میں تاریخ کو تبدیل کرنا سیاسی مداخلت: عمر عبداللہ - OMAR ABDULLAH ON NCERT BOOKS
ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ مسئلہ صرف مواد کا نہیں بلکہ “انتخابی انداز” بھی تشویشناک ہے، کیونکہ کتاب میں دیگر شعبوں مثلاً بیوروکریسی، سیاست یا عوامی زندگی میں بدعنوانی کا کوئی ذکر نہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق متعلقہ حصے کو نصاب سے حذف کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

