ETV Bharat / bharat

ٹی ایم سی لیڈر کے سامنے میز پر نوٹوں کا ڈھیر، بی جے پی نے کہا، ترنمول کانگریس بنگال کو لوٹ رہی ہے

مغربی بنگال میں ایک ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ اس میں نوٹوں کے ڈھیر سارے بنڈل دکھائے گئے ہیں۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر (Photo : ANI)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 5, 2026 at 3:10 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

باراسات (مغربی بنگال): مغربی بنگال میں انتخابی سرگرمیوں کے بیچ ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں شمالی 24 پرگنہ کے باراسات میں ٹی ایم سی لیڈر کے سامنے میز پر بڑی مقدار میں نوٹوں کے بنڈل رکھے ہوئے ہیں۔

ای ٹی وی بھارت ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔ اس ویڈیو کلپ میں بارسات بلاک نمبر 1 کی پنچایت سمیتی کے نائب صدر محمد غیاث الدین منڈل کو بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس میں نوٹوں کے بنڈلوں کے پیچھے ایک کاروباری کو بھی کرسی پر بیٹھا دکھایا گیا ہے۔ فون پر بات چیت کے دوران اسے یہ کہتے ہوئے سنا جاتا ہے کہ ''کیش نہیں لیں گے، فنانس سے پیسے چاہیے۔''

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایسے سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ اتنی ساری رقم کس کام کے لیے ہے۔ دریں اثنا، بی جے پی نے بھی ترنمول کانگریس پر طنز کیا ہے۔

وہیں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے اس ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ویڈیو مستند ثابت ہوا تو پارٹی مناسب کارروائی کرے گی۔ ویڈیو میں نظر آنے والے نوٹوں کے بنڈلوں نے کرسی پر بیٹھے تاجر کے چہرے کو تقریباً ڈھک دیا ہے۔ ان کے بائیں طرف غیاث الدین منڈل ہیں، جو فون پر کسی سے بات بھی کر رہے ہیں۔ محمد غیاث الدین علاقے میں ترنمول کے ایک بااثر لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ وہ طویل عرصے سے زمینوں کے لین دین میں شامل رہے ہیں۔

ویڈیو میں پانچ سو روپے کے نوٹوں کے بنڈل میز پر رکھے دکھائی دے رہے ہیں۔ کمرے میں دو لوگ پیسے گنتے بھی نظر آتے ہیں۔ تھوڑی دیر بعد ایک شخص ایک بیگ لے کر آتا ہے وہ بیگ بھی پیسوں سے بھرا ہوتا ہے۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں میں یہ جاننے کا تجسس ہے کہ اتنا سارا پیسہ کس کا ہے اور کس کام کے لیے ہے۔

ترنمول لیڈر غیاث الدین منڈل نے اس سوال کا جواب نہیں دیا ہے۔ تاہم ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو سنہ 2002 کی ہے، اس کمرے میں زمین کے لین دین کے لیے پیسے گنے جا رہے تھے۔ غیاث الدین کے قریبی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ترنمول لیڈر کا اس لین دین میں کوئی کردار نہیں تھا۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں جانکاری کے لیے کیے گئے فون کال کا جواب نہیں دیا۔

ادھر اس ویڈیو نے سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ویڈیو کس نے بنایا ہے۔ بی جے پی نے اس معاملے پر ترنمول کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس سلسلے میں بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کے رکن تاپس مترا نے کہا کہ "غیاث الدین منڈل ایک لینڈ مافیا ہے۔ ترنمول کانگریس ان تمام چوروں اور مافیاؤں کے ساتھ مل کر چل رہی ہے۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمراں پارٹی کے لیڈر کس طرح مغربی بنگال کو لوٹ رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے رہنما اب میدانوں میں رہنا پسند نہیں کرتے۔ جہاں بھی انہیں پیسوں کا پہاڑ دکھتا ہے، وہ وہیں رک جاتے ہیں۔ منڈل اور اس سے جڑے لوگوں کو فوران ای ڈی کی تحویل میں لینے کی ضرورت ہے اور اس پیسے کے ذرائع کا پتہ لگانے کی ضرورت ہے۔"

دریں اثناء بارسات بلاک نمبر 1 کے ترنمول کانگریس کوآرڈینیٹر محمد ایشا سردار نے کہا کہ "مجھے اس بارے میں پہلے کچھ معلوم نہیں تھا۔ مجھے آج ہی پتہ چلا ہے۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ اگر کوئی غیر قانونی لین دین ہوا ہے تو میں پارٹی کو مطلع کروں گا۔ پارٹی اس کے مطابق کارروائی کرے گی۔"

مزید پڑھیں:

جسٹس ورما کے گھر سے جلی ہوئی نوٹوں کے 4-5 ڈھیر برآمد! ویڈیو اور فوٹوز کے ساتھ جانچ رپورٹ جاری

چھاپہ پڑتے ہی انجینئر نے کھڑکی سے باہر پھینکے نوٹوں کے بنڈل، 2 کروڑ سے زائد کی نقدی برآمد

خاتون بھکاری کے پاس ملا خزانہ، نوٹوں کی گڈیاں دیکھ لوگوں کے اڑے ہوش، کیا ہے مکمل سچ