ETV Bharat / bharat

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث سی بی ایس ای کے بیرونِ ملک امتحانات مؤخر

بورڈ نے واضح کیاکہ 7 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کے حوالے سے جمعرات کو صورتحال کا جائزہ لیکر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث سی بی ایس ای کے بیرونِ ملک امتحانات مؤخر
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث سی بی ایس ای کے بیرونِ ملک امتحانات مؤخر (IANS File Photo)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : March 3, 2026 at 3:19 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جماعت دسویں اور بارہویں جماعت کے وہ بورڈ امتحانات مؤخر کر دیے ہیں جو 5 اور 6 مارچ 2026 کو منعقد ہونا تھے۔

بورڈ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ تازہ سرکلر میں کہا گیا کہ بحرین، ایران، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود سی بی ایس ای سے منسلک اسکولوں کے امتحانات موجودہ حالات کے تناظر میں ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بورڈ نے واضح کیا کہ 7 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کے حوالے سے جمعرات کو صورتحال کا جائزہ لے کر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ اسکول انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور صرف سرکاری اعلانات پر ہی انحصار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ: ریاض میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملہ، ایران نے دبئی میں امریکی فوج کو نشانہ بنایا

بھارتی سفارتخانہ مسقط نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے طلبا اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور باقاعدہ سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر عمل کریں۔ سی بی ایس ای کے اس اقدام کو طلبہ کی سلامتی اور غیر یقینی حالات میں امتحانی عمل کو منصفانہ بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بورڈ کی جانب سے آئندہ چند روز میں مزید ہدایات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔