ETV Bharat / bharat

فارسٹ ایکٹ میں ترمیم سے جنگلات کی نجکاری کی راہ ہموار ہو گئی: کانگریس کا الزام

جے رام رمیش نے اس حوالے سے مرکزی وزارت ماحولیات کے حالیہ سرکلر کو ثبوت کے طور پر سوشل میڈیا پر پیش کیا ہے۔

فارسٹ ایکٹ میں ترمیم سے جنگلات کی نجکاری کی راہ ہموار ہو گئی: کانگریس کا الزام
فارسٹ ایکٹ میں ترمیم سے جنگلات کی نجکاری کی راہ ہموار ہو گئی: کانگریس کا الزام (File Photo: Jairam Ramesh (ANI))
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 7, 2026 at 3:42 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی: کانگریس نے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ سال 2023 میں فاریسٹ (کنزرویشن) ایکٹ میں کی گئی ترامیم نے ملک میں جنگلات کے انتظام و انصرام کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور سابق مرکزی وزیرِ ماحولیات جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مرکزی وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے 2 جنوری 2026 کو جاری کردہ ایک سرکلر کی اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی۔

جے رام رمیش نے کہا کہ اگست 2023 میں مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں فاریسٹ (کنزرویشن) ایکٹ 1980 میں ترامیم زبردستی منظور کروائیں۔ محض قانون کا نام بدل کر ون (سنرکشن ایوم سموردھن) ادھی نیم 1980 رکھنا ہی نہیں بلکہ جنگلات کی حکمرانی کے پورے قانونی ڈھانچے میں دور رس تبدیلیاں کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہی کانگریس نے خبردار کیا تھا کہ یہ ترامیم جنگلات کی نجکاری کا راستہ کھول دیں گی، اور اب 2 جنوری 2026 کا سرکلر اسی خدشے کی تصدیق کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف شروعات ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے اثرات مزید نمایاں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'دوست دوست نہ رہا': کانگریس نے ٹرمپ کے حالیہ اقدامات پر پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

سرکلر کے مطابق اگر ریاستی حکومتیں مرکزی یا غیر مرکزی اداروں کے ساتھ باہمی رضامندی سے شجرکاری، جنگلات کی بحالی یا قدرتی افزائش کے منصوبے نافذ کرتی ہیں تو انہیں جنگلاتی سرگرمی تصور کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں نہ تو معاوضی شجرکاری کی شرط لاگو ہوگی اور نہ ہی نیٹ پریزنٹ ویلیو کی ادائیگی ضروری ہوگی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بڑے کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچے گا اور قدرتی جنگلات کے تحفظ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، جبکہ حکومت اسے ’’اصلاحات‘‘ کا نام دے رہی ہے۔