اویسی کا مودی کو چیلنج، ’’اگر ٹرمپ مادورو کو لاسکتے ہیں تو آپ بھی 26/11 کے ملزمان کو پاکستان سے لائیں‘‘
اویسی نے مرکزپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ’بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ مودی کی بہن جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔

Published : January 4, 2026 at 6:50 PM IST
ممبئی: وینزویلا پر امریکی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد سے رکنِ پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا چیلنج دے دیا ہے۔
ممبئی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ “اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی فوج بھیج کر وینزویلا کے صدر کو گرفتار کر کے امریکہ لا سکتے ہیں، تو آپ بھی پاکستان جا کر 26/11 ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور لشکرِ طیبہ کے سربراہ مسعود اظہر کو بھارت لا سکتے ہیں۔”
انہوں نے طنزیہ انداز میں وزیر اعظم کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ “آپ 56 انچ کے سینے کی بات کرتے ہیں اور ‘اب کی بار ٹرمپ سرکار’ کے نعرے بھی لگائے تھے۔” اویسی نے بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے معاملے پر بھی مرکز اور بی جے پی کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: بہار انتخابات: اے آئی ایم آئی ایم کی پہلی فہرست جاری، 25 امیدواروں کا اعلان
انہوں نے سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کا نام لیے بغیر کہاکہ “آپ کہتے ہیں کہ ایک بنگلہ دیشی کرکٹر کو آئی پی ایل سے نکال دیا، تو پھر وہ خاتون جو یہاں مودی کی بہن بن کر بیٹھی ہیں، انہیں بھی بنگلہ دیش واپس بھیجئے۔”

