ETV Bharat / bharat

تحریکِ تحفظ دستور و شریعت: انصاف کی آئینی بالادستی، مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ملک گیر عوامی تحریک

گزشتہ چند برسوں میں ایسے حالات مسلسل پیدا ہوئے جن کے سبب ملک کے کمزور ومحروم طبقات بالخصوص مسلمان امتیازی رویوں کا سامنا کررہے ہیں۔

A nationwide popular movement for the promotion of justice, constitutional supremacy, religious freedom, national unity, and peace and order, Urdu News
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک تحفظ دستور اور شریعت (File Photo آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 31, 2026 at 4:43 PM IST

8 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی: ہندوستان کا دستور تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی، جان و مال کے تحفظ، عزت و وقار اور قانون کے مساوی نفاذ کی ضمانت دیتا ہے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں ایسے حالات مسلسل پیدا ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں ملک کے کمزور ومحروم طبقات بالخصوص مسلمان، مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی سطح پر شدید دباؤ، عدم تحفظ اور امتیازی رویوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

ہجومی تشدد، ماورائے قانون بلڈوزر کارروائیاں، مساجد، مدارس اور درگاہوں کو نشانہ بنانا، اوقافی املاک اور قبرستانوں پر ناجائز قبضے، مسلم نوجوانوں کی بے بنیاد مقدمات کے تحت بے جا گرفتاریاں، مذہبی آزادی میں مداخلت، یو سی سی کے ذریعہ مسلم پرسنل لا کو بے اثر بنانے کی کوششیں، وندے ماترم کے لزوم کے ذریعہ اقلیتوں کے عقائد پر ضرب لگانے کی کوششیں، نظام تعلیم اور نصاب تعلیم سے چھیڑ چھاڑ اور تعلیمی اداروں میں ایسے اقدامات جن سے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہوں۔

ہندوستان کا آئینی تشخص، جمہوری اقدار اور مشترکہ قومی ورثہ

ان سب اقدامات نے نہ صرف ملک کی ایک بڑی آبادی میں احساس عدم تحفظ کو گہرا کیا ہے بلکہ دستور ہند، قانون کی حکمرانی، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے بھی سنگین چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ یہ صورت حال محض مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ہندوستان کے آئینی تشخص، جمہوری اقدار اور مشترکہ قومی ورثے کا معاملہ ہے۔

A nationwide popular movement for the promotion of justice, constitutional supremacy, religious freedom, national unity, and peace and order, Urdu News
تحریک تحفظ دستور اور شریعت پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے لیٹر ہیڈ جاری کیا گیا (آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)

ان ہی حالات کے پیش نظر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، ملک کے انصاف پسند، جمہوریت پسند ، امن پسند اور دستور پر یقین رکھنے والے تمام طبقات، مذہبی و سماجی تنظیموں، دانشوروں، وکلا، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اشتراک سے تحریک تحفظ دستور و شریعت کے عنوان سے ایک ملک گیر عوامی تحریک کا آغاز کر رہا ہے۔ اس تحریک کا مقصد دستور کی بالا دستی ، قانون کی حکمرانی ، عدل و انصاف، مذہبی آزادی ، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ تحریک مجلس عمل کے ذریعے درج ذیل منصوبے کے مطابق چلائی جائے گی۔

  1. یو سی سی کے نفاذ اور وندے ماترم کے لزوم کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنا۔
  2. ظلم و نا انصافی کے متاثرین کو قانونی، سماجی اور عوامی تعاون فراہم کرنا۔
  3. مسلمانوں کی جان و مال ، مذہبی آزادی اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا۔
  4. انصاف پسند افراد، تنظیموں اور سول سوسائٹی کو ایک مشتر کہ قومی پلیٹ فارم پر متحد کرنا۔
  5. نفرت ، فرقہ واریت اور تشدد کے مقابلے میں امن، اخوت، محبت اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کرنا۔

پُرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی تحریک

یہ تحریک مکمل طور پر آئینی، جمہوری، پُرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی۔ تحریک کا ہر پروگرام اس انداز سے ترتیب دیا جائے گا کہ کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ کشیدگی ، تشدد یا امن و امان میں خلل پیدا نہ ہو، بلکہ ملک میں امن، بھائی چارے، مکالمے اور دستور پسندی کو فروغ ملے۔

A nationwide popular movement for the promotion of justice, constitutional supremacy, religious freedom, national unity, and peace and order, Urdu News
تحریک تحفظ دستور اور شریعت پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے لیٹر ہیڈ جاری کیا گیا (آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)

اہم سرگرمیاں

1 - عوامی اجتماعات اور احتجاج

ملک کے مختلف بڑے شہروں میں آئینی و پُرامن عوامی اجتماعات اور احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن سے ممتاز علماء مختلف مذاہب کے رہنما، دانشور، سماجی و سیاسی شخصیات خطاب کریں گی۔

2۔ وہائٹ پیپر کی اشاعت (White Paper)

مسلمانوں کے خلاف پیش آنے والے واقعات، آئینی خلاف ورزیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر مشتمل ایک جامع وہائٹ پیپر تیار کیا جائے گا، جسے میڈیا ، انسانی حقوق کی تنظیموں، دانشوروں ، عوامی نمائندوں اور متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا۔

3- قانونی رہنما کتابچہ (Legal Booklet)

غیر قانونی انہدام، بلڈوزر کارروائیوں، اوقافی املاک ، قبرستانوں، مساجد اور مدارس کے تحفظ سے متعلق قانونی حقوق، عدالتی رہنمائی اور عملی اقدامات پر مشتمل ایک جامع قانونی رہنما کتابچہ شائع کیا جائے گا۔

4 ہجومی تشدد پر جامع اعلامیہ (Mob Lynching)

ہجومی تشدد کے مسئلے پر ایک جامع اعلامیہ جاری کیا جائے گا ، جس میں قانون کی بالا دستی ، ریاست و انتظامیہ کی ذمہ داریاں، متاثرین کے قانونی حقوق اور ملکی قوانین کے مطابق جان و مال کے تحفظ کے حق کو واضح کیا جائے گا۔

5۔ چارٹر آف ڈیمانڈ Charter of Demands

ہر ریاست میں گورنر اور ہر ضلع میں ضلعی انتظامیہ کے ذریعے صدر جمہوریہ ہند کو ایک جامع چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا، جس میں آئینی حقوق کے تحفظ ، نفرت انگیز جرائم کے خاتمے، مذہبی آزادی، غیر قانونی انہدام کی روک تھام، اوقافی املاک اور مذہبی مقامات کے تحفظ اور قانون کی مساوی عملداری سے متعلق مطالبات شامل ہوں گے۔

تحریک کے ہر مرحلے پر پریس کانفرنسوں ، میڈیا بریفنگ ، ویڈیوڈا کومنٹیشن ، سوشل میڈیا مہمات اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، خصوصاً ایکس پر مربوط ہیش ٹیگ مہم چلائی جائے گی۔

7۔ دہلی میں عظیم الشان قومی اجتماع

تحریک کے ایک اہم مرحلے پر نئی دہلی میں ایک بڑا عوامی اجتماع و احتجاج منعقد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے مختلف طبقات ، مذاہب اور مکاتب فکر کے نمائندوں کو شریک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی اجتماع میں تحریک کے آئندہ مرحلے کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

A nationwide popular movement for the promotion of justice, constitutional supremacy, religious freedom, national unity, and peace and order, Urdu News
تحریک تحفظ دستور اور شریعت پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے لیٹر ہیڈ جاری کیا گیا (آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)

ہماری اپیل

تحریک برائے تحفظ ملک وملت کسی ایک طبقے یا برادری کی تحریک نہیں، بلکہ ہندوستان کے دستور ، جمہوریت کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی، مذہبی آزادی، انسانی وقار، قومی یکجہتی اور امن واخوت کے تحفظ کی مشترکہ قومی جدو جہد ہے۔

سول سوسائٹی کے ہر فرد کو قومی تحریک میں شریک ہونے کی دعوت

ہمیں یقین ہے کہ انصاف، محبت، مکالمہ، باہمی احترام اور آئینی جدو جہد ہی ہندوستان کے روشن ، مضبوط اور پُرامن مستقبل کی حقیقی ضمانت ہیں۔ اسی یقین کے ساتھ ہم ملک کے ہر انصاف پسند ، جمہوریت پسند اور امن پسند شہری ، ہر سماجی و مذہبی تنظیم اور سول سوسائٹی کے ہر ذمہ دار فرد کو اس قومی تحریک میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

اس پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے حضرات کے نام اس طرح ہیں:

نام عہدہ
جناب سید سعادت اللہ حسینیامیر جماعت اسلامی ہند و نائب صدر، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
مولانا محمد علی محسن تقوینائب صدر، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
مولانا محمد فضل الرحیم مجددیجنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
مولانا سید محمود اسعد مدنیصدر جمعیۃ علماء ہند
مولانا ڈاکٹر یاسین علی عثمانی بدایونیسکریٹری، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
جناب عارف مسعود ایم ایل اےرکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
مولانا محمد ابو طالب رحمانیرکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاسترجمان، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

یہ بھی پڑھیں:

غیر ہندوؤں کو دور رکھنے کے لیے ویشنو دیوی میڈیکل کالج کو اقلیتی ادارہ قرار دے دیں، عمرعبداللہ کا بی جے پی لیڈر پر طنز

تروپتی مندر: تروملا تروپتی دیوستھانم میٹنگ میں غیر ہندوؤں کو ہٹانے، تقریر کرنے پر کارروائی سمیت کئی اہم فیصلے لیے گئے

No Entry of Non Hindus in Chardham Yatra: 'چاردھام یاترا میں غیر ہندوؤں کے داخلے پر پابندی لگائی جائے'

VHP Removed Two Members: پولیس کی کارروائی کے بعد وی ایچ پی نے بھی ملزمین کو باہر کا راستہ دکھایا

Non Hindus in Gyanvapi گیانواپی کیمپس میں غیرہندوؤں کے داخلے پر پابندی کی درخواست مسترد

ہر کی پوری میں1916 کے میونسپل بائی لاز کے حوالے والے پوسٹر، احاطہ میں غیر ہندوؤں کا داخلہ ہے ممنوع

آر ایس ایس کا مساجد، گرودواروں اور گرجا گھروں میں رابطہ مہم چلانے کا اعلان