ہریدوار: ریاست اتراکھنڈ میں 27 جنوری 2025 سے یکساں سول کوڈ لاگو ہوا ہے۔ یو سی سی میں بنائے گئے دفعات میں شادی اور طلاق کے رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ لیو ان ریلیشن شپ کی رجسٹریشن کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے تحت ریاست کے لوگ شادی/طلاق اور لیو ان ریلیشن شپ رجسٹر کروا رہے ہیں۔
یو سی سی کے نفاذ کے بعد کے اعداد و شمار:
1- اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ کے پورٹل پر اب تک 21 لوگوں نے اپنے لیو ان ریلیشن شپ رجسٹر کروائے ہیں۔
2- اب تک 66,365 لوگوں نے اپنی شادی رجسٹر کروائی ہے۔
3- اب تک 207 افراد نے اپنی وصیت کی رجسٹریشن کروائی ہے۔
4- باسٹھ (62) افراد نے طلاق کے لیے اندراج کرایا ہے۔
اس کے ساتھ ہی، اتراکھنڈ حکومت نے یکساں سول کوڈ کے قوانین میں ترمیم کی ہے۔ جس کے تحت سٹیمپ اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سب رجسٹرار کو نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن کا اختیار دیا گیا ہے۔
یو سی سی قوانین میں ترمیم:
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی کی صدارت میں منگل کو کابینہ کی میٹنگ میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے بارے میں ایک فیصلہ لیا گیا ہے۔ جس کے تحت اب سب رجسٹرار بھی نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن کے مجاز ہوں گے۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد ریاست کے تمام اضلاع میں موجود سب رجسٹرار دفاتر میں وِل رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ شادی اور طلاق کا رجسٹریشن بھی ممکن ہو سکے گا۔ اسے لوگوں کے لیے مستقبل میں شادی/طلاق کی رجسٹریشن کرانے کی سہولت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سب رجسٹرار کریں گے شادی اور طلاق کا رجسٹریشن:
ریاستی حکومت کی طرف سے یکساں سول کوڈ رولز اتراکھنڈ 2025 میں کی گئی ترمیم کو ایک بڑی پہل سمجھا جا رہا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ، یہ یو سی سی کی دفعات کو زیادہ آسانی سے موثر بنائے گا۔ سب رجسٹرار کو نکاح اور طلاق کی رجسٹریشن کا اختیار ملنے کے بعد اب جلد ہی ضروری سامان سب رجسٹرار کے دفتر میں دستیاب کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ سب رجسٹرار کو رجسٹریشن سے متعلق ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ حکومت اس حوالے سے ایکشن پلان بھی تیار کر رہی ہے۔
کس کی کیا ذمہ داری:
دراصل، اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے، گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر کو ڈپٹی رجسٹرار اور ایس ڈی ایم کو گاؤں کی سطح پر رجسٹرار کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نگر پنچایت اور میونسپلٹی میں ایگزیکٹو آفیسر کو سب رجسٹرار اور ایس ڈی ایم کو رجسٹرار بنایا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں میونسپل کارپوریشن میں ٹیکس سپرنٹنڈنٹس کو سب رجسٹرار اور میونسپل کمشنر کو رجسٹرار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کینٹ ایریا میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کو رجسٹرار اور ان کے نامزد کردہ افسر کو سب رجسٹرار بنا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی اے ایس افسر وی شانموگم یو سی سی کے رجسٹرار جنرل کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
یو سی سی پورٹل پر وزیراعلیٰ دھامی نے پہلا رجسٹریشن کروایا تھا:
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ دھامی نے اپنی شادی کی پہلی رجسٹریشن یو سی سی میں کروائی تھی۔ اس وقت کی چیف سکریٹری رادھا راتوری نے اس کا سرٹیفکیٹ سی ایم دھامی کو سونپا تھا۔
یو سی سی کی مخالفت:
اتراکھنڈ سمیت ملک بھر کے مسلمانوں نے یو سی سی کی مخالفت کی تھی، لیکن اتراکھنڈ حکومت یو سی سی بل کو اسمبلی میں منظور کرانے میں کامیاب ہو گئی۔ اب وزیراعظم کے حالیہ بیانات سے ایسا سمجھا رہا ہے کہ وقف ترمیمی قانون 2025 کے بعد مرکزی حکومت ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ واضح رہے اتراکھنڈ کے بعد گجرات میں بھی یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: