بنگلورو: کرناٹک کے انیکل تعلقہ میں 'ہسکور مدورما میلے' کے دو رتھ ہفتہ کی شام اچانک حادثے کا شکار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے میں دو افراد کی موت ہو گئی جب کہ دو دیگر لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مرنے والوں میں تمل ناڈو کے ہوسور کے رہائشی روہت (26) اور بنگلورو کے کینگیری کی رہائشی جیوتی (14) شامل ہیں۔ وہیں راکیش نام کا ایک شخص اور ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ دوسرا واقعہ ڈوڈنا نگرمنگلا گاؤں میں پیش آیا۔ میلے میں لے جایا جا رہا رتھ چکن نگرمنگلا کے قریب گر گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پہلا واقعہ مندر کے قریب رائے ساندرا گاؤں میں پیش آیا۔ اس واقعہ میں رتھ لوگوں پر گر گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں عقیدت مند رتھ کے نیچے دب گئے جس کی وجہ سے آٹو ڈرائیور روہت اور جیوتی نام کی ایک لڑکی کی موت ہوگئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ رتھ تیز بارش اور آندھی کی وجہ سے گرے۔ پچھلے سال (2024) بھی رائے ساندرا گاؤں کا رتھ گر گیا تھا لیکن اس وقت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ واقعہ کے سلسلے میں ہیبوگوڈی پولس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
رتھ کی اونچائی پر مقابلہ آرائی
واضح رہے کہ اس مذہبی میلے اس بات پر مقابلہ رہتا ہے کہ کس گاؤں کا رتھ کتنا اونچا ہے۔ اس بار گٹا ہلی کے گاؤں والوں نے کروڑوں کی لاگت سے ایک نیا رتھ بنایا ہے جو یہاں کے لوگوں کے لیے بڑے فخر کی بات ہوتی ہے۔ رتھ بنانے والے گاؤں ہر سال اس رتھ یاترا کو مقابلے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ اس سال کل چھ رتھوں نے حصہ لیا۔ مدورما مندر کی اپنی تاریخ ہے۔ چونکہ یہ ایک بڑا میلہ ہے جو لگاتار چار سے پانچ دنوں تک لگتا ہے، اس لیے آس پاس کے گاؤں والے یہاں جمع ہوتے ہیں۔ آندھرا اور تمل ناڈو سے ہسکورو میلہ دیکھنے کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ میلے کا اہتمام انیکل سب ڈویژنل پولیس کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس جیب کتروں اور موبائل چوروں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔
مزید پڑھیں: گنگا میں چار دوست ڈوب گئے
مدھیہ پردیش میں 10 لوگوں کی موت، ٹینکر نے کار اور پک اپ کے پرخچے اڑا دیے