بھدراچلم : تلنگانہ کے معروف مقام بھدراچلم کے سپر بازار سینٹر میں زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حادثہ ناقص تعمیر کی وجہ سے پیش آیا ہو گا۔
بھدراچلم کے ایس کے مولانا عرف سری پتی گزشتہ دو سالوں سے پرانی عمارت پر پانچ منزلہ عمارتیں تعمیر کررہے تھے، وہ سری پتی سیوا ٹرسٹ کے ذریعے چندہ اکٹھا کرکے تعمیراتی کام کرارہے تھے۔ تاہم، پڑوسیوں نے ناقص تعمیرات کی شکایت کی ہے۔ اگرچہ حکام نے پہلے ہی تعمیراتی کام روکنے کو کہا تھا لیکن سری پتی نے کام جاری رکھا۔ یہ عمارت آج دوپہر 2:30 بجے اچانک منہدم ہوگئی۔
دوپہر کے وقت اچانک زیر تعمیر عمارت گرنے سے کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ مقامی اطلاعات کا کہنا ہے کہ کم از کم چھ مزدور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ابھی تک پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ جو تعمیراتی کام کر رہے تھے ہلاک ہوگئے، خیال کیا جا رہا ہے کہ چھ لوگ اس حادثہ میں ہلاک ہوسکتے ہیں۔ ملبہ ہٹانے کا کام پولیس، ریونیو اور پنچایت اہلکاروں کی نگرانی میں جاری ہے۔ بھدرادری کتہ گوڑم ضلع کے ایس پی جیتیش وی پاٹل اور ایس پی روہت راج بچاؤ سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
گرام پنچایت کے عہدیداروں کو قبل ازیں شکایات موصول ہوئی تھی کہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کثیر المنزلہ عمارت غیر معیاری طور پر تعمیر کی جارہی ہے، جس کے بعد کام کو چند ماہ کےلئے روک دیا گیا لیکن بعد میں تعمیراتی سرگرمیاں دوبار شروع ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کروڑوں راشن کارڈ دہندگان کو مفت ملیں گے چاول - FREE RICE SCHEME
موقع پر موجود ریسکیو ٹیمیں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا رہی ہیں۔ عمارت کے ساتھ ہی ایک مندر بھی تعمیر کیا جارہا تھا۔