چھترپتی سمبھاجی نگر: کہا جاتا ہے کہ کسی کی جان بچانے سے بڑا اور عظیم کام کوئی نہیں ہے۔ لیکن جس نے کئی لوگوں کو مر کر زندگی بخشی اس کے بارے میں کیا کہا جائے؟ یہ عجیب لگ سکتا ہے کہ کوئی مر کر کسی کو کیسے بچا سکتا ہے، لیکن چھترپتی سنبھاجی نگر میں ایسا ہوا ہے۔ یہاں کے گوکل داس کوٹولے نے مرنے کے بعد ایک یا دو نہیں بلکہ سات لوگوں کی جان بچائی ہے۔ آج ہم آپ کو گوکل داس کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہیں جو اپنی موت کے بعد بھی امر ہو گئے اور لوگوں کو اعضاء عطیہ کرنے کی ترغیب دی۔
سات لوگوں کو نئی زندگی دی
گوکل داس کوٹولے بیڈ ضلع کے وانگی گاؤں کے ایک غریب کسان تھے۔ ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد، ان کو علاج کے لیے چھترپتی سمبھاجی نگر (جس کو پہلے اورنگ آباد کے نام سے جانا جاتا تھا)کے گلیکسی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کو برین ڈیڈ قرار دیا۔ دماغی موت کی خبر ملتے ہی پورے خاندان میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ لیکن بڑی ہمت کے ساتھ ان کے گھر والوں نے گردہ، جگر، دل اور آنکھیں عطیہ کرنے کا بڑا فیصلہ کیا۔
اس کے بعد جسم سے اعضاء نکالنے کے بعد انہیں کم سے کم وقت میں ٹرانسپلانٹیشن کے لیے ہسپتال پہنچانا ضروری تھا۔ اس کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ پولیس نے فوری کارروائی کی۔ رات کے وقت شہر کی اہم سڑکوں پر ’’گرین کوریڈور‘‘ بنایا گیا۔ ایمبولینس کے لیے راستہ صاف کرنے کے لیے ایئرپورٹ روڈ اور نجی اسپتال روڈ پر ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔ اس اہم کام کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ڈپٹی کمشنر آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، 6 انسپکٹرز، 15 پولیس سب انسپکٹرز سمیت کل 120 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
گوکل داس کے دل کو ممبئی کے ریلائنس اسپتال بھیجا گیا، جب کہ جگر کو پیوند کاری کے لیے گلینیگلس اسپتال لے جایا گیا۔ پھیپھڑوں کو جہاز کے ذریعے احمد آباد، گجرات کے کیڈیا اسپتال بھیج دیا گیا۔ گلیکسی اسپتال نے بتایا کہ عطیہ کیے گئے گردے کو گلیکسی اسپتال میں ہی رکھا گیا ہے، جب کہ دیگر اعضاء کو ایم جی ایم اسپتال لے جایا گیا ہے۔
گوکل داس کی کہانی دل کو چھو لینے والی ہے
گوکل داس ضلع بیڈ کے وانگی گاؤں کے ایک غریب کسان تھے۔ ان کی کہانی دل کو چھو لینے والی ہے۔ کچھ عرصے سے ان کا بیٹا ان سے سائیکل خریدنے کے لیے اصرار کر رہا تھا لیکن مالی مجبوریوں کی وجہ سے وہ اسے ٹال رہے تھے۔ بدھ کو آخر کار انہوں نے اپنے بیٹے کو ایک نئی سائیکل لینے کا فیصلہ کیا اور شہر چلے گئے چلے گئے۔ سائیکل خریدنے کے بعد انہوں نے اسے اپنی موٹر سائیکل سے باندھا اور گاؤں کی طرف واپس آنے لگے۔ بدقسمتی سے ان کی موٹر سائیکل گاؤں سے صرف چار کلومیٹر پہلے حادثے کا شکار ہوگئی۔
گوکل داس کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں علاج کے لیے فوری طور پر چھترپتی سمبھاجی نگر(اورنگ آباد) کے گلیکسی اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے ان کے گھر والوں کو بتایا کہ وہ برین ڈیڈ ہیں۔ اس افسوسناک خبر کے بعد، ڈاکٹروں نے خاندان کو اعضاء کے عطیہ کی اہمیت کے بارے میں بتایا، جس سے دوسرے ضرورت مند افراد کو زندگی بچانے والے ٹرانسپلانٹ حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس اطلاع کے بعد اہل خانہ نے اعضاء عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ خاندان نے اپنے دکھ کو پیچھے چھوڑ کر دوسروں کی زندگیوں کو روشن کرنے کا فیصلہ کیا۔ گوکل داس اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کے اعضاء نے سات لوگوں کو ایک نئی شروعات دی ہے۔