سری گنگا نگر: راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر میں ہند۔پاک سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ سرحد کے قریب سے ایک پاکستانی ڈرون اور منشیات کا ایک پیکٹ برآمد ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سریکرن پور تھانہ علاقہ کے تحت شیخ سرپال علاقہ میں 11 ایف اے کے قریب رات دیر گئے پاکستانی ڈرون کو ضبط کیا گیا۔ اس کے بعد بی ایس ایف اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی گورو یادو کی ہدایت پر دیہی علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سریکرن پور کے سی او سنجیو چوہان، سی آئی رام پرتاپ ورما اور بی ایس ایف نے سرحدی دیہات میں چھان بین کی۔ سریکرن پور کے سی او سنجیو چوہان کے مطابق سرحد پر پکڑی گئی ہیروئن کا وزن 500 گرام ہے، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً ڈھائی کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
رات دیر گئے سرحد پار سے پاکستان کی جانب سے ڈرون بھیجا گیا۔ بھارتی سرحد پر چوکس بی ایس ایف کے جوان ڈرون کی آواز سنتے ہی حرکت میں آگئے اور کاروائی کرتے ہوئے اسے ضبط کرلیا۔ ڈرون کی مدد سے منشیات اسمگل کی جارہی تھیں۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون اور اس کے ساتھ موجود ہیروئن کا پیکٹ برآمد کرلیا۔ بی ایس ایف اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرون اور ہیروئن کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں میں ایک اور منشیات فروش کانسٹیبل گرفتار، منشیات ضبط - DRUG PEDDLER COP
برآمد کی گئی ہیروئن کا وزن تقریباً 500 گرام بتایا جاتا ہے۔ فی الحال ڈرون اور ہیروئن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی ادارے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ڈرون کے ذریعے منشیات کس کے لیے اسمگل کی جا رہی تھیں اور اس کا مقصد کیا تھا؟