روہتاس: بہار کے روہتاس ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بیٹے کے قتل کی خبر سن کر ماں کو اتنا صدمہ پہنچا کہ وہ جنازے کے سامنے ہی دم توڑ گئی۔ ایک ہی گھر میں دو اموات نے علاقے میں افراتفری مچادی ہے اور پورے گاؤں میں ماتم چھا گیا۔
روہتاس میں نوجوان کا قتل
واقعہ ساسارام کے مفصل تھانہ حلقے کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدھ کی دیر رات چند تن پیر پہاڑی کے قریب مجنوں نام کے نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ بیٹے کی موت کی خبر سن کر مقتول کی والدہ عائشہ خاتون کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسے پہلے مقامی کلینک لے جایا گیا، پھر وارانسی ریفر کیا گیا، لیکن علاج کے دوران ماں کی بھی موت ہوگئی۔
ماں بیٹے کے جنازے میں پورا محلہ رو پڑا
مجنوں اور اس کی ماں کے ایک ساتھ جنازے کی خبر سے پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ عالم گنج کے گھوسیاں محلے میں ان کے گھر پر ماتم کا ماحول ہے۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد ان کے گھر پر جمع پوگئی ہے۔
قتل کے خلاف احتجاج میں روڈ بلاک
واقعے کے خلاف احتجاج میں مقامی لوگوں نے لاش رکھ کر چند تن پیر پہاڑی کے قریب اولڈ جی ٹی روڈ اور این ایچ کی طرف جانے والی سڑک بلاک کر دی۔ اطلاع ملتے ہی روہتاس کے ایس پی روشن کمار موقعے پر پہنچے اور لوگوں کو سمجھانے کے بعد انہیں سڑک سے ہٹایا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
تین ملزمین گرفتار
ایس پی روشن کمار نے بتایا کہ مجنوں کے قتل کے سلسلے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فی الحال پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ قتل کی وجہ باہمی دشمنی بتائی جارہی ہے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ قتل کی واردات انجام دینے کے بعد اسے حادثے کی شکل دینے کی کوشش کی گئی لیکن بعد میں پولیس کی تفتیش میں یہ قتل ثابت ہوا۔
اہل خانہ کا سخت سزا کا مطالبہ
مقتول کے رشتہ دار شمیم انصاری نے کہا کہ قتل انتہائی قابل مذمت ہے، مجرموں کو عمر قید کی سزا دی جائے۔ مجنوں ایک محنت کش مزدور تھا اور گھروں میں ٹائل اور ماربل کا کام کرتا تھا۔
مزید پڑھیں: سانپ بے گناہ نکلا، قتل بیوی اور اسکے عاشق نے کیا