گونا: مدھیہ پردیش کے گونا ضلع میں بدھ کے روز ایک تیز رفتار ٹرک ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی میں موجود ایک مزدور موقعے پر ہی دم توڑ گیا۔ جب کہ 21 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال لے جایا گیا۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ضلع کلکٹر نے اسپتال پہنچ کر تمام زخمیوں کا حال دریافت کیا۔ دریں اثنا، افراتفری کے بیچ مقامی لوگوں کو موقعے پر حادثے کا شکار ہوئے ٹرک میں موجود سامان کو لوٹتے ہوئے دیکھا گیا۔
مزدور کام سے واپس آ رہے تھے
یہ واقعہ گنا ضلع کے میانہ تھانہ حلقے میں پیش آیا۔ جہاں بدھ کو ایک ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو زوردار ٹکر مار دی۔ حادثے میں ٹرک اور ٹریکٹر دونوں الٹ گئے۔ ٹرالی میں کل 22 مزدور سوار تھے۔ ایک شخص کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔ جب کہ دیگر زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والا ٹرک سیرامک کے کپ اور پلیٹوں سے لدا ہوا تھا۔ جسے راہگیر اور مقامی لوگ لوٹتے نظر آئے۔ اس کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
گنا کے ضلع کلکٹر کشور کنیال نے کہا کہ "میانہ تھانہ حلقے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر مار دی۔ ٹریکٹر ٹرالی میں 22 افراد سوار تھے۔ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ باقی 21 لوگوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے صرف ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ تمام لوگ کھیت میں کام کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔"
مزید پڑھیں: مدھیہ پردیش میں کنویں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کا اخراج، 8 افراد ہلاک
مدھیہ پردیش میں 10 لوگوں کی موت، ٹینکر نے کار اور پک اپ کے پرخچے اڑا دیے