پاکوڑ: جھارکھنڈ کے پاکورڑ ضلع کے پکوریہ تھانہ حلقے کے ڈومن گڑھیا میں جمعہ کو پولس کی کارروائی سے ہلچل مچ گئی۔ پولیس ٹیم نے علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کر ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران مکان سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ اتنے بارودی مواد کو ایک ساتھ دیکھ کر پولیس اہلکار ہکا بکا رہ گئے۔ پولیس افسران نے دھماکہ خیز مواد کو قبضے میں لینے کے لیے ایک ماہر کو موقعے پر بلایا۔ اس کے بعد بارودی مواد کو احتیاط سے گاڑی میں لاد کر تھانے منتقل کیا گیا۔
پاکوڑ کے گاؤں ڈومن گڑھیا میں چھاپہ
مہیش پور کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر وجے کمار نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کی ہدایت پر ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم میں شامل پولیس افسران اور جوانوں نے ڈومن گڑھیا گاؤں میں شمس الحسن نام کے ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے جیلیٹن اور ڈیٹونیٹر کو ضبط کیا۔
2160 ڈیٹونیٹرز اور 9335 جیلاٹن ضبط
ایس ڈی پی او نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے والے ملزم شمس الحسن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے بعد ایف آئی آر درج کر کے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ڈیٹونیٹر کے 2160 پیس اور جیلیٹن کے 9335 ٹکڑے اور ایک موبائل ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس تفتیش میں مصروف
ایس ڈی پی او نے کہا کہ بارودی مواد کہاں سے لایا گیا، کس کو سپلائی کرنے کا منصوبہ تھا، اس کو کہاں استعمال کیا جانا تھا، اس غیر قانونی دھندے میں اور کون ملوث ہے، اس بات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے۔ جمعہ کو پولیس کی کارروائی کے بعد دھماکہ خیز مواد کے غیر قانونی تاجروں اور غیر قانونی کان کنی مافیا میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ماؤنوازوں کی بڑی سازش ناکام، اڈیشہ کے جنگلات سے 2.5 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد