مظفر نگر، اترپردیش (ظفر اقبال): عید الاضحیٰ اور قربانی کے تعلق سے ضلع مظفر نگر میں جمعیۃ علماء ہند کی اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ جس میں عید الاضحیٰ کی تیاریوں اور تنظیم کی مضبوطی پر غور و خوض کیا گیا۔ جس میں مولانا مکرم علی قاسمی نے عوام سے اپیل کی اور سب سے اہم فیصلہ یہ لیا گیا کہ عوام کو ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کرنا چاہیے۔
خبر کے مطابق مظفر نگر جمعیۃ علماء ہند ضلع مظفر نگر کی تمام یونٹوں اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی یہ اہم میٹنگ مدرسہ چراغیہ، امبا وہار میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ کی صدارت ضلع صدر مولانا مکرم علی قاسمی نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض ضلع جنرل سیکریٹری مولانا عبد الخالق قاسمی نے انجام دیے۔ مولانا عبد الخالق قاسمی نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہر موقع پر ملک و ملت کے لیے بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔

سماجی ہم آہنگی اور قربانی سے متعلق امور پر غور و خوض
اس میٹنگ میں ضلع بھر سے جمعیۃ سے وابستہ علما، عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں آنے والی عید الاضحیٰ کے موقع پر سماجی ہم آہنگی، دینی ہدایات اور قربانی سے متعلق مختلف امور پر غور و خوض کیا گیا۔
ضلع صدر مولانا مکرم علی قاسمی نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تنظیم سے جوڑا جائے۔

قربانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر ہرگز شیئر نہ کریں
مولانا مکرم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے مکمل پرہیز کیا جائے اور قربانی کو پردے میں انجام دیا جائے۔ دینی پہلوؤں اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ مولانا مکرم نے کہا کہ عید الاضحیٰ قربانی کا تہوار ہے، اسے مکمل دینی سنجیدگی اور سماجی ذمہ داری کے ساتھ منایا جانا چاہیے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم شریعت کے دائرے میں رہ کر قربانی ادا کریں اور گوشت کی تقسیم مستحقین میں کریں۔ قربانی کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر ہرگز نہ ڈالیں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔
اجلاس میں بڑی تعداد میں علما کی شرکت
میٹنگ میں صدر مولانا زبیر احمد رحمانی، مولانا احمد قاسمی، مولانا رضوان، مفتی تنمیق، مولانا مدثر، حاجی عزیز الرحمٰن، مولانا عثمان، محمد عقیل، محمد آصف قریشی بڈھانوی، مفتی نشاط قاسمی، مفتی فرمان قاسمی، حافظ شیر دین، مولانا خالد قاسمی، مولانا بدر اختر، مولانا عبد القیوم قاسمی، مفتی انتظار قاسمی، مفتی نوید، قاری مظفر اللہ، مولانا شاہ نواز، مولانا شاہ عالم، مولانا عمران وغیرہ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔