نئی دہلی: دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی کو منگل کے روز پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) کی انہدامی کاروائی سے قبل کالکاجی کے بھومھین کیمپ پہنچی تھیں۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ نعرے لگائے اور ڈی ڈی اے کی کارروائی کی مخالفت کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے، آتشی نے کہاکہ "صرف دو دن پہلے، وزیر اعلی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ایک بھی کچی آبادی کو نہیں گرایا جائے گا، پھر بھی، آج، پولیس فورس کو تعینات کیا گیا اور بلڈوزر چلنے کے لئے تیار ہیں، بی جے پی کچی آبادیوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کرتی ہے۔ ان کا اصل مقصد یہ ہے کہ ان کچی آبادیوں کو گرایا جائے. بی جے پی غریبوں کو سڑکوں پر لانا چاہتی ہے"۔
احتجاج کے بعد، پولیس نے آتشی کو حراست میں لے لیا اور انہیں پولیس وین میں وہاں سے منتقل کیا گیا۔ احتجاج کے دوران احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھی گئی۔
قبل ازیں، عدالت نے بھومھین کیمپ سے متعلق تمام درخواستوں کو خارج کر دیا تھا، جس سے انہدام کی راہ رکاوٹ دور ہوگئی۔ جس کے بعد ڈی ڈی اے نے علاقے میں بے دخلی کا نوٹس لگایا اور کچی آبادیوں کو خالی کرنے کے لیے تین دن کا وقت دیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ انہدامی کاروائی کسی بھی وقت شروع ہو سکتی ہے۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے آتشی کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ "جب بلڈوزر ان بے بس لوگوں کی کچی بستیوں پر پہنچے تو آتشی جی وہاں بیٹی، بہن کی طرح کھڑی تھیں۔ ٹوٹی ہوئی چھتوں کے نیچے لوگوں کی آواز بن کر انہوں نے احتجاج کیا۔ انہیں دہلی پولیس نے غریبوں کے حقوق کے لیے کھڑے ہونے پر حراست میں لے لیا۔"
یہ بھی پڑھیں: دہلی-این سی آر میں موسلا دھار بارش اور طوفان، کئی علاقوں میں گرے اولے - MASSIVE STORM IN DELHI
اس دوران دہلی میں کچی بستیوں کے انہدام کو لے کر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور مرکزی حکومت کے درمیان سیاسی تعطل جاری ہے۔ جہاں عآپ نے بی جے پی پر غریبوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے، دہلی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے پہلے ہی تمام اہل مستحقین کو مکانات فراہم کر دیے ہیں۔