بہار میں ووٹرز کو فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کےلئے کانگریس کی مہم
کانگریس پارٹی نے ایس آئی آر کے بعد ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے 65 لاکھ ناموں کے غائب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

Published : August 2, 2025 at 8:38 PM IST
نئی دہلی: بہار میں 7.9 کروڑ ووٹروں میں سے 65 لاکھ سے زیادہ کو فہرست رائے دہندگان کو نکالے جانے کے بعد کانگریس کی جانب سے ریاست بھر کے ووٹرز میں شعور بیدار کرنے اور ان کے ناموں کو فہرست میں شامل کرنے کےلئے ایک مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس مہم کے دوران، جو 31 اگست تک جاری رہے گی، پارٹی کے سینئر کارکن ریاست کے ہر گھر میں جا کر یہ چیک کریں گے کہ آیا الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے یکم اگست کو ایس آئی آر سے متعلق جو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی گئی ہے اس میں کوئی نام چھوٹ تو نہیں گیا ہے۔
مہم کے دوران، کانگریس کارکنان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) میں چھوڑے گئے ووٹروں کے اعتراضات کو پولنگ پینل کی ہدایت کے مطابق 31 اگست کی آخری تاریخ کے اندر داخل کیا جائے۔ حتمی ووٹر لسٹ یکم ستمبر کو آویزاں ہوگی جبکہ اسی فہرست کے تحت بہار کی 243 اسمبلی سیٹوں کے لیے اکتوبر-نومبر میں انتخابات منعقد ہوں گے۔
کانگریس ذرائع کے مطابق، ابتدائی تخمینوں سے پتہ چلتا ہے کہ تمام 243 اسمبلی حلقوں میں 20,000 سے 25,000 ووٹروں کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن ایس آئی آر کا سب سے زیادہ اثر سرحدی علاقوں میں پڑے گا جسے سیمانچل علاقہ بھی کہا جاتا ہے جہاں حزب اختلاف کے ووٹروں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ یہ کمی انڈیا بلاک کے لیے اہم ہے جو آنے والے انتخابات میں بہتر مظاہرہ کی توقع کررہے ہیں، کیونکہ گذشتہ 2020 کے انتخابات میں اپوزیشن اور این ڈی اے کے درمیان جیت کا فرق محض 12,000 ووٹوں کا تھا۔
کانگریس ذرائع نے کہا کہ وہ تصحیح کے لیے وقت کی کم دستیابی کے پیش نظر صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہیں اور کاؤنٹر ایس آئی آر مہم چلانے میں راشٹریہ جنتا دل اور بائیں بازو کی جماعتوں جیسے اتحادیوں کے ساتھ بھی تال میل کریں گے۔ ایس آئی آر کے اعداد و شمار نے ہمارے خدشات کی تصدیق کر دی ہے۔ اب ہم جانتے ہیں کہ ووٹر لسٹ سے 65 لاکھ سے زیادہ ووٹرز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان ہر گھر میں جاکر ووٹرز کے ناموں کی جانچ کریں گے جو مسودہ فہرست سے غائب ہوگئے۔
وہیں ای سی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق، بہار میں کل 78969844 ووٹرز میں سے، 72405756 نے 25 جولائی تک چلائی گئی ایس آئی آر مہم کے دوران فارم جمع کرائے تھے۔ عہدیداروں کی تصدیق کے بعد، 6564075 ووٹرز پر مشتمل ڈرافٹ ووٹر لسٹ کو یکم اگست کو جاری کیا گیا۔
کانگریس کا الزام ہے کہ ریاست سے باہر کام کرنے والے لاکھوں ووٹرز کو فہرست سے نکال دیا گیا۔

