روس-یوکرین جنگ میں پھنسے بیکانیر نوجوان کی حکومت سے فریاد
راجستھان کے بیکانیر سے تعلق رکھنے والا اجے کو دھوکہ سے اور زبردستی روسی فوج میں بھرتی کیا گیا جس کی جان خطرہ میں ہے۔

Published : September 16, 2025 at 7:40 PM IST
بیکانیر : تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے والے بھارتی نوجوانوں کو زبردستی روس۔یوکرین جنگی محاذ پر لڑنے کےلئے زبردستی بھیجا جارہا ہے۔ یہ کوئی کہانی نہیں، بلکہ روس اور یوکرین کی جنگ میں پھنسے کئی بھارتی نوجوانوں کی تلخ حقیقت ہے۔ ان کی زندگی خطرے میں ہے اور وہ مدد کے منتظر ہیں۔
بہت سے بھارتی نوجوان بہتر مستقبل اور تعلیم کے خواب لے کر روس گئے تھے۔ انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کا یہ خواب ایک خوفناک حقیقت میں بدل جائے گا۔ اب وہ جنگ کے میدان میں اپنی جان بچانے کی التجا کر رہے ہیں۔ ان نوجوانوں کو دھوکے سے روسی فوج میں بھرتی کیا گیا ہے۔ انہیں بندوقیں تھما کر ایک ایسی جنگ میں دھکیل دیا گیا ہے جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کے اہل خانہ اب حکومت سے ان کی محفوظ واپسی کی اپیل کر رہے ہیں۔
راجستھان کے بیکانیر سے تعلق رکھنے والا اجے بھی انہی بدقسمت نوجوانوں میں سے ایک ہے۔ وہ نومبر 2024 میں تعلیم کے لیے روس گیا تھا، لیکن اب اسے یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں لڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اجے نے ایک وائرل ویڈیو میں اپنی دردناک کہانی سنائی ہے۔ اس کے والد، مہاویر گودارا، نے حکومت سے اپنے بیٹے کی محفوظ واپسی کی اپیل کی ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکرٹری راجندر منڈ نے بھی وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو خط لکھا ہے تاکہ اجے کی واپسی کے لیے انتظامات کیے جا سکیں۔ اجے کے کزن نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل میں کام کرنے والے بھارتی نوجوان کی ویڈیو کال، سائرن اور دھماکوں کی آوازیں سن کر اہل خانہ خوفزدہ
اس سلسلہ میں ایک اور نوجوان کا ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ کہہ رہا ہے کہ، "ہم بی جے پی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں یہاں سے نکالا جائے، ہماری جانیں شدید خطرے میں ہیں۔" ان کے اہل خانہ مسلسل حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں ملی ہے۔

