عیدالفطر کے موقع پر دو گھنٹوں کےلئے تاج محل میں داخلہ مفت
عیدالفطر پر خصوصی تحفہ؛ صبح دو گھنٹوں کےلئے تاج محل میں داخل ہونے کےلئے کوئی ٹکٹ نہیں لینا ہوگا۔

Published : March 30, 2025 at 10:25 PM IST
آگرہ: ملک میں پیر کو عید (عیدالفطر) منائی جائے گی۔ عید کے اس خاص موقع پر محبت کی علامت تاج محل میں پیر کی صبح (صبح 7 سے 9 بجے) دو گھنٹے تک مفت داخلہ کی اجازت ہوگی۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے تاج محل میں مفت داخلے کا حکم جاری کیا ہے، جس کے تحت سیاحوں کو تاج محل کے مرکزی گنبد کو دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنا ہوگا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ تاج محل اور قلعہ سمیت دیگر یادگاروں کو دیکھنے کے لیے روزانہ ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح آگرہ پہنچتے ہیں۔ تاج محل دیکھنے کے لیے ہر بھارتی شہری کو 50 روپے کا انٹری ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے اس ٹکٹ کی قیمت 1150 روپے ہے۔ تاج محل کے مرکزی گنبد کو دیکھنے کے لیے بھارتی اور غیر ملکی سیاحوں کو 200 روپے کا ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے۔
آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے دسمبر 2018 سے تاج محل کے مرکزی گنبد تک داخلہ کے لیے 200 روپے کا اضافی ٹکٹ متعارف کرایا تھا۔ اے ایس آئی کے سپرنٹنڈنگ ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر راجکمار پٹیل کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح عید کے موقع پر تاج گنج کے مقامی لوگ تاج محل میں نماز عید ادا کریں گے۔ عید کے موقع پر عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تاج محل میں داخلہ دو گھنٹے (صبح 7 بجے سے صبح 9 بجے تک) مفت ہوگا۔ اس لیے تاج محل کے مشرقی اور مغربی دروازہ کے ٹکٹ کاونٹر دو گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عید کے چاند پر بہترین اشعار: چاند نظر آتے ہی ان خوبصورت اشعار کے ساتھ بھیجیں مبارک باد - EID MOON SHAYARI
اس دوران اگر نمازی اور سیاح تاج محل کے مرکزی مزار پر جانا چاہتے ہیں تو انہیں 200 روپے کا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔

