تاج محل کمپلیکس میں اینٹی ڈرون سسٹم نصب کیا جائے گا
یادگار، جو فی الحال سی آئی ایس ایف اور اترپردیش پولیس کی زیرنگرانی ہے، کو جلد ہی جدید ڈرون نیوٹرلائزیشن ٹیکنالوجی سے تحفظ فراہم ہوگا۔

Published : May 25, 2025 at 8:23 PM IST
آگرہ: تاجل کو ممکنہ فضائی خطرات سے محفوظ رکھنے کےلئے اینٹی ڈرون سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ایک سینئر اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ ممکنہ فضائی خطرات سے نمٹنے کےلئے اینٹی ڈرون سسٹم کی تنصیب کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ تاج محل کی سیکیورٹی کو مزید ہائی ٹیک بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یادگار، جو فی الحال سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) اور اتر پردیش پولیس کے زیر نگرانی ہے، جلد ہی جدید ڈرون نیوٹرلائزیشن ٹیکنالوجی کی تنصیب کے بعد تحفظ میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
یہ اقدام 7 مئی کو پہلگام حملہ کے بعد پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے 9 مقامات پر آپریشن سندور کے تحت حملے کیے جانے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
آپریشن سندور کے جواب میں پاکستان کی جانب سے گولہ باری، میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے، جسے بھارتی مسلح افواج نے ناکام بنادیا تھا۔ تاہم اس کے بعد حساس مقامات پر ڈرون سے تحفظ کےلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (تاج سیکیورٹی) سید اریب احمد نے کہاکہ "تاج محل کمپلیکس میں ایک اینٹی ڈرون سسٹم نصب کیا جائے گا۔ اس سسٹم کی رینج 7-8 کلومیٹر ہوگی لیکن بنیادی طور پر یادگار کے مرکزی گنبد سے 200 میٹر کے دائرے میں موثر ہوگی۔"
احمد نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کو اس نظام کو چلانے کے لیے تربیت دی جا رہی ہے اور ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ٹیم ڈرون کا پتہ لگاتے ہوئے اس علاقہ کو محفوظ بنانے میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کی تنصیب اگلے چند دنوں میں مکمل ہونے کی امید ہے۔
تاج محل، جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل ہے، جسے دیکھنے کےلئے دنیا بھر سے لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔

