حیدرآباد : بلاک بسٹر فلم پشپا کے اداکار اللو ارجن کو تلنگانہ ہائیکورٹ نے عبوری ضمانت دے دی، جبکہ اداکار کو چکڑ پلی پولیس نے گرفتار کرکے نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا تھا جہاں انہیں 14 دنوں کےلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا، لیکن کچھ دیر بعد ہی ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت کی عرضی کو منظور کرلیا۔ اللو ارجن کی گرفتاری کے فوری بعد ان کے وکلا نے ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر لنچ موشن پٹیشن داخل کی تھی تاہم شام 4 بجے اس معاملہ پر سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے معروف اداکار کی ضمانت کی عرضی قبول کرلی۔
اللو ارجن کے وکلا نے ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر پہلے مقدمہ کو خارج کرنے کی درخواست کی تھی لیکن ہائیکورٹ نے ایسا کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد وکلا نے اداکار کی ضمانت کی عرضی داخل کی تاہم عدالت نے اللو ارجن کو عبوری ضمانت دے دی۔
قبل ازیں آج صبح چکڑ پلی پولیس جوبلی ہلز میں واقع اللو ارجن کے گھر پہنچ کر انہیں گرفتار کرلیا تھا۔ اس سلسلہ میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اللو ارجن پولیس کے رویہ پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کررہے ہیں۔ پولیس نے اللو ارجن کو گرفتار کرکے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ اس دوران پولیس اسٹیشن کے باہر ہجوم جمع ہوگیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ 4 دسمبر کو فلم پشپا2 کے پریمئر شو کے موقع پر حیدرآباد کے آر ٹی سی ایکس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر کے قریب بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے اللوارجن ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا تاہم آج پولیس نے اللو ارجن کو اس معاملہ میں گرفتار کرلیا۔