ناصر اور جنید قتل کیس کے ملزم نے کی خودکشی، ویڈیو میں بجرنگ دل کے ارکان پر لگایا الزام
لوکیش سنگلا راجستھان-ہریانہ بارڈر پر ایک جیپ سے ملنے والی ناصر اور جنید کی جلی ہوئی لاشوں سے متعلق کیس میں ملزم تھا۔

By PTI
Published : July 9, 2025 at 10:27 AM IST
|Updated : July 9, 2025 at 10:40 AM IST
فرید آباد(ہریانہ): راجستھان میں ناصر اور جنید قتل کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایک مشتبہ گو رکشک لوکیش سنگلا نے خود کشی کر لی ہے۔ حکام نے منگل کو بتایا کہ لوکیش سنگلا نے ہریانہ پلول کے قریب دہلی-آگرہ ریلوے ٹریک پر ٹرین کے سامنے کود کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
حکام نے بتایا کہ لوکیش سنگلا نے خودکشی کرنے سے پہلے ایک ویڈیو بنایا تھا جس میں اس نے الزام لگایا تھا کہ وہ بجرنگ دل کے ارکان کی طرف سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے خودکشی کر رہا ہے۔ لوکیش سنگلا نے یہ ویڈیو اپنی بیوی کو بھیجی جس نے بعد میں پولیس میں شکایت درج کرائی۔یہ مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
ناصر اور جنید قتل کیس میں ملزم تھاسنگلا
لوکیش سنگلا 16 فروری 2023 کو راجستھان-ہریانہ بارڈر پر ایک جیپ سے ملنے والی ناصر اور جنید کی جلی ہوئی لاشوں سے متعلق کیس میں ملزم تھا، الزام ہے کہ گو رکشک ہونے کا دعوی کرنے والے کچھ لوگوں نے ناصر اور جنید کو اغوا کیا تھا، جس کے بعد جیپ میں سے ناصر جنید کی جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ اس کیس میں سنگلا کا ملوث ہونا تحقیقات کا موضوع بنا ہوا ہے۔
سنگلا کی بیوی کی شکایت کی بنیاد پر، پولیس نے فرید آباد میں گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) میں خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام میں تین افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
ویڈیو میں سنگلا نے کہا کہ تین لوگ انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے میرے پیچھے غنڈے بھیجے اور دھمکی دی کہ مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جائے گا۔ سنگلا نے ویڈیو میں کہا کہ یہ لوگ ہیں ہاتھین سے بجرنگ دل کے ریاستی کنوینر بھارت بھوشن، ہرکیش یادو اور انیل کوشک۔ سنگلہ نے پولیس سے یہ بھی اپیل کی کہ پولیس کو ان سب کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
سنگلا کی بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی
سنگلا کی بیوی دمیانتی نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس میں اس نے اپنے شوہر کے الزامات کی حمایت کی ہے۔ دمیانتی نے کہا کہ سنگلا کو یہ تینوں لوگ کچھ عرصے سے ہراساں کر رہے تھے۔یہ لوگ اس کا پیچھا کر رہے تھے اور گھر آ کر دھمکیاں بھی دی تھیں۔ دمیانتی کے مطابق ان کا شوہر ان دھمکیوں سے بہت خوفزدہ اور ٹوٹا ہوا تھا جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔
فرید آباد کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ راجیش چیچی کے مطابق، دمیانتی کی شکایت کی بنیاد پر، پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ (ایف آئی آر) درج کیا ہے، اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

