آگرہ: اترپردیش کے آگرہ میں موسم گرما شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ شہر میں صبح 10 بجے سے ہی دھوپ کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو رہا ہے۔ گرمی کی وجہ سے تاج محل کو دیکھنے کےلئے آنے والے ہزاروں سیاحوں کو گرمی کی شدت کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ متعدد سیاح گرمی کی شدت کی وجہ سے بیمار بھی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے اس سال گرمی کی شدت میں اضافہ کی پیشگوئی کی ہے۔
ایسے میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) اس سال پہلی بار تاج محل میں 54 کولر لگا رہا ہے تاکہ سیاحوں کو گرمی سے راحت مل سکے۔ تاج محل کے مشرقی دروازے اور مغربی دروازے پر بکنگ کاؤنٹر سمیت 15 پوائنٹس پر کولر لگائے گئے۔ راہداری، اہم گنبد، دونوں گیٹ، چیکنگ ایریا وغیرہ میں کولر لگانے کی وجہ سے سیاح راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تاج محل کمپلیکس میں سیاحوں کے لیے پینے کے پانی 25 پوائنٹس ہیں۔ تاج محل میں ہر گھنٹے نو ہزار لیٹر آر او پانی دستیاب ہے۔ اے ایس آئی کی جانب سے تاج محل میں کولر لگانے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کو سیاح سراہ رہے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہی گرمی نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایسے میں ہر سال گرمیوں میں پتھروں کے گرم ہونے سے سیاحوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس بار انہیں گرمی سے راحت ملے گی۔ اس کے لیے سات فٹ لمبے 54 کولر لگائے جا رہے ہیں۔ تاج محل کے سینئر کنزرویشن اسسٹنٹ پرنس واجپئی نے کہا کہ دہلی ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 25 لاکھ روپے کے 54 کولر منگوائے گئے ہیں تاکہ موسم گرما میں سیاحوں کو گرمی سے راحت ملے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ 54 کولر تاج محل کمپلیکس میں لگائے جا رہے ہیں۔ انٹری گیٹ سے شاہجہاں کی قبر تک کولر لگا دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے تاج محل دیکھنے آنے والے سیاح ان کولروں کے پاس بیٹھ کر گرمی سے راحت حاصل کر سکیں گے۔ ان 54 کولروں کو روزانہ تقریباً 11,000 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس کے لیے مکمل انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ تاج محل میں سیاحوں کی پیاس بجھانے کے لیے آر او پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ گرمیوں کے آغاز سے پہلے ہی تاج محل کمپلیکس کے اندر اور باہر ایسے 25 سے زیادہ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں سیاح اپنی پیاس بجھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آج مفت میں تاج محل اور فتح پور سیکری کی سیر کریں - WORLD HERITAGE WEEK
پنجاب کے بھٹنڈا کے سیاح پون کمار نے کہا کہ تاج محل میں پینے کے پانی کی فراہمی بہتر ہے۔ یہاں مختلف مقامات پر پینے کے پانی کے لیے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر کولر بھی لگائے گئے ہیں۔ یہ درست اقدام ہے۔ امریکہ سے آئے ہوئے سیاح مارٹن نے کہا کہ بہت گرمی ہے۔ تاج محل میں گرمی کی وجہ سے پریشانی ہوئی لیکن، یہاں کولر نصب ہیں، جس کی وجہ سے گرمی سے کچھ راحت ملتی ہے۔ یہ ایک بہتر نظام ہے۔ کئی جگہوں پر پانی بھی دستیاب ہے۔