نئی دہلی: پیرس اولمپکس 2024 کے اختتام کے بعد نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کا ایک ویڈیو اس وقت سب سے زیادہ موضوع بحث بن گیا۔ جس ویڈیو میں پیرس اولمپکس کے دوران دونوں میڈلسٹ ہنستے اور ایک دوسرے سے باتیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور پھر اس ویڈیو پر مداحوں نے تبصرے بھی شروع کر دیے کہ دونوں شادی کرنے والے ہیں، رشتہ کنفرم ہو گیا۔
اس کے علاوہ ایک دوسرے ویڈیو میں نیرج کو منو بھاکر کی والدہ سے ملاقات کرنے اور ان کے سر پر ہاتھ رکھنے کا بھی ویڈیو سامنے آیا تھا جس پر بھی کافی زیادہ تبصرے کیے جارہے ہیں۔اس ویڈیو پر لوگوں نے مذاق میں کہا کہ وہ جیولین تھرو اسٹار سے یہ جاننے کے لیے بات کر رہی ہے کہ آیا وہ ان کی بیٹی کے لیے صحیح پارٹنر ہے یا نہیں۔
منو بھاکر کے والد نے کیا کہا؟
سوشل میڈیا پر شادی کی خبروں کے درمیان منو بھاکر کے والد رام کشن بھاکر نے ان کی شادی کے بارے میں کہا کہ وہ ابھی بہت چھوٹی ہیں اور وہ اس کی شادی کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔ روزنامہ اخبار دینک بھاسکر سے بات کرتے ہوئے منو بھاکر کے والد رام کشن بھاکر نے کہا کہ منو ابھی شادی کی عمر کی بھی نہیں ہے اور ابھی تک اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔ وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے رام کشن نے کہا کہ منو کی ماں نیرج کے ساتھ اپنے بیٹے کی طرح برتاؤ کرتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت کی اسٹار شوٹر منو بھاکر نے حال ہی میں ختم ہونے والے پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ اور 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں 2 کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس 2020 کے چیمپیئن اسٹار جیولین تھرو و نیرج چوپڑا نے پیرس اولمپکس میں 89.45 میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔