پہلگام :(میر اشفاق) محبوبہ مفتی نے پہلگام میں پارکس و دیگر سیاحتی جگہوں کو مسلسل پابندی لگانے پر این سی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا ،انہوں نے کہا کہ عوام نے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو اپنا اعتماد دیا، این سی نے مکمل اکثریت سے حکومت بنائی ،میں یہاں کی سرکار کو کہنا چاہتی ہوں جن کے پاس 50 رکن اسمبلی اور تین ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ایک مضبوط مینڈیٹ ہونے کے باوجود وہ عوام کے لئے کچھ نہیں کر پا رہے ہیں۔
محبوبہ نے کہا کہ جب عمر عبداللہ نے ریٹائرڈ لوگوں کو نوکریاں دی، افسران کی تبدیلیاں کی اس وقت آپ کے ہاتھ کسی نے نہیں روکے ،لیکن سیاحتی مقامات اور پارکس کو کیوں نہیں کھول سکتے ہیں ،اس کے لئے آپ ( عمر عبداللہ ) اپنی طاقت کا استعمال کیوں نہیں کر رہے ہیں۔ عمر عبداللہ کے پاس کرسی ہے قیادت ہے اس کا استعمال عوامی مفاد میں نہیں ہوگا تو پھر اقتدار کا فائدہ کیا ہے۔
محبوبہ نے کہا کہ،پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی ،لیکن ہم بی جے پی کو کام کرنے پر مجبور کر رہے تھے، اُسی حکومت میں پی ڈی پی نے 12 ہزار نوجوانوں کے ایف آئی آر کالعدم کروائے ،عمر عبداللہ مجھے ایک ایف آئی آر واپس کرکے دکھائیں۔ محبوبہ نے کہا کہ اُس سے پہلے بھی عمر عبداللہ وزیر اعلی رہ چکے ہیں،کیا انہوں نے اپنے دور اقتدار میں ایک بھی ایف آئی آر واپس لیا ہے ؟
پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ رہ کر مرکزی حکومت کو حریت کانفرنس کے تمام دروازوں پر بات چیت کے لئے مدعو کیا ،وہ ایک وقت تھا جب مرکزی سرکار حریت کے دروازے پر آئی لیکن انہوں نے دروازہ نہیں کھولا آج کے وقت یہاں کے لوگ دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں اسلئے یہ وقت لوگوں کو اعتماد میں لینے کے لئے ایک سنہرا موقعہ ہے ،حکومت کو وہ نہیں کرنا چاہئے جو اس وقت حریت نے کیا ،اپنا ہاتھ پیچھے مت کھینچو،پکڑ دھکڑ بند کرو ، یہاں کے لوگوں کو اپناؤ تاکہ یہ لوگ آپ کے اپنے بن جائیں۔
کاش عوام نے اس وقت مفتی محمد سید کو اکثریت سے کامیاب کیا ہوتا تو آج لوگ اس مصیبت میں نہیں ہوتے ،انہوں نے کہا کہ پچاس ایم ایل اے ہونے کے باوجود بھی یہاں کے سیاحتی مقامات بند ہیں ،تو اس حکومت کا فائدہ کیا ہے ،پہلگام کے گھوڑے والے ٹیکسی والے دکاندار و دیگر لوگ فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ،ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے لوگوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے اور وہ خود اقتدار میں بیٹھ کر عیش و عشرت میں مشغول ہیں ،ووٹ دے کر عوام نے خود فیصلہ کیا اور لوگوں کو یہ سختی مزید ساڑھے چار سال تک بھگتنی پڑے گی۔
مزید پڑھیں: امرناتھ یاترا کا پرامن انعقاد کشمیر میں نیا بہار لائے گا: محبوبہ مفتی
میں نے ایل جی سے پارکس کھولنے کی اپیل کی لیکن انہوں نے جواب میں کہا کہ امرناتھ یاترا کے بعد سب کھول دیا جائے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ گھوڑے والوں ٹیکسی والوں ہوٹیلرز و دیگر لوگوں کے مطالبات و مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کریں گی