جموں (راجا عامر کریم) : جموں کشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری دن ایوان کے اندر سیاسی گرما گرمی اور باہر دھکا مکی کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ وقف ایکٹ پر بحث کی اجازت نہ ملنے پر نیشنل کانفرنس (این سی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اراکین نے اسپیکر کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جس کے بعد اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے ایوان کو دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دیا۔
ایوان کے اندر نیشنل کانفرنس ارکان نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے وقف ایکٹ پر آدھے گھنٹے کی بحث کی اجازت دیں تاکہ حزب اختلاف اپنا موقف ملک کے سامنے رکھ سکے۔ دوسری جانب بی جے پی ارکان نے اعتراض کیا کہ پہلے سے درج سوالات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خاص طور پر چنینی حلقہ انتخاب کے ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیا کی جانب سے بیروزگاری پر لائی گئی التوا کی تحریک کو مسترد کر دیا گیا، جس پر پارٹی ارکان نے احتجاج کیا۔
اسی دوران اسمبلی کے باہر اس وقت کشیدگی بڑھ گئی جب عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ڈوڈہ سے ایم ایل اے معراج ملک، جو پہلے پی ڈی پی کارکنوں سے الجھ چکے تھے، میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ اس دوران بی جے پی کے ایم ایل ایز وکرم سنگھ رندھاوا اور یُدھویر سیٹھی ان سے الجھ پڑے اور موقع پر موجود افراد کے مطابق ’’دھکا مکی‘‘ بھی ہوئی، مارشلز نے موقع پر پہنچ کر معاملے کو ٹھنڈا کیا۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے وکرم سنگھ رندھاوا نے معراج ملک پر ہندوؤں کے خلاف بیانات دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ یہ برداشت نہیں کریں گے۔ جبکہ یُدھویر سیٹھی نے معراج ملک کے خلاف منشیات ٹیسٹ کا مطالبہ کر ڈالا۔ معراج ملک، جو پورے بجٹ اجلاس میں بی جے پی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے، اس بار بھی وقف ایکٹ، بے روگزگاری سمیت دیگر مسائل پر حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا۔ جس پر آج بی جے پی اراکین نے شدید ردِعمل ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ آج اجلاس کا آخری دن ہے اور کئی نجی بلز زیر التوا ہیں، تاہم ایوان کی فضا مسلسل کشیدہ رہی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران بھی اسمبلی کی کارروائی ہنگامہ آرائی کے بعد مسلسل معطل کر دی گئی۔ وہیں پی ڈی پی ایم ایل ایز اور ہندوارہ کے ایم ایل اے نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی چلائی۔
مزید پڑھیں :
وقف ایکٹ پر بحث سے انکار، جموں کشمیر اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش
نئے وقف ایکٹ پر جموں کشمیر اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ، کارروائی ملتوی