سرینگر (نیوز ڈیسک) : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے جموں و کشمیر کے دورے کے پیش نظر پیر کی شام گرمائی دارالحکومت سرینگر پہنچ گئے۔ ان کا استقبال وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے سرینگر ایئرپورٹ پر کیا۔
سرینگر پہنچنے کے بعد امیت شاہ نے کوکرناگ انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DySP) ہمایون مزمل بٹ کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ہمایون 13 ستمبر 2023 کو جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں ایک انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے تھے، اس انکاؤنٹر میں دیگر تین سیکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے تھے۔
Home Minister @AmitShah arrives in Srinagar; meets the family of late DySP Humayun Bhat, who lost his life in a 2023 encounter in south Kashmir’s Kokernag. pic.twitter.com/rIBvPGfhsm
— Zulqarnain Ibn Usuf | ذوالقرنین ابن یوسف (@mzzulfi) April 7, 2025
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شام کو راج بھون روانہ ہوں گے جہاں وہ مختلف عوامی وفود سے ملاقات کریں گے۔ امیت شاہ آج صبح جموں پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس طلب کیا، بین الاقوامی سرحد (IB) کا دورہ کیا اور ہلاک ہوئے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر داخلہ 8 اپریل کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل کانگریس نے جموں میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر مرکزی وزارت داخلہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’جموں خطے میں صورتحال ’سنگین‘ ہو چکی ہے۔‘‘ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی ہے۔ دریں اثناء، کانگریس سمیت پی ڈی پی نے بھی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امیت شاہ سے ملاقات کے دوران سیکیورٹی، اختیارات کی منتقلی اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں:
امیت شاہ کا دورۂ جموں و کشمیر: اعلیٰ سطحی سیکیورٹی میٹنگ طے