سوپور (کوثر عرفات) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور پولیس نے عدالتی احکامات کے پیش نظر لاکھوں روپے مالیت کی نشہ آور اور سائیکو ٹراپک ادویات کو تلف کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کی نگرانی ڈسٹرکٹ ڈرگ ڈسپوزل کمیٹی نے کی، جس کی سربراہی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سوپور نے کی۔ ان کے ہمراہ متعلقہ ڈی وائی ایس پی بھی موجود تھے، جو کمیٹی کے رکن تھے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ تلفی خصوصی عدالت (این ڈی پی ایس) بارہمولہ کی ہدایات کی تعمیل میں عمل میں لائی گئی۔ ضبط شدہ اشیاء مختلف پولیس تھانوں میں منشیات مخالف قوانین کے تحت درج کیسز کے دوران برآمد کی گئی تھیں۔ ان میں نارکوٹک اور سائیکو ٹراپک مادے شامل تھے۔ پولیس افسران کے مطابق ضبط شدہ اشیاء کو لاسی پورہ، پلوامہ میں ایک منظور شدہ مقام پر تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نذر آتش کیا گیا۔ تلف شدہ مواد میں 4.646 کلو گرام پوست کا بھوسا/پاؤڈر، 30 بوتلیں کوڈین فاسفیٹ، 10 الفا ڈرگ ٹیبلٹس اور 1981 کیپسولز آف سپاسموپروکسیون شامل تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عدالت کی واضح ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا اور تلفی کے تمام مراحل کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی گئی۔ پولیس نے اس کارروائی کو انسدادِ منشیات کی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو نشے سے دور رکھنا ہے۔ دریں اثناء، حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف معلومات حکام کو فراہم کریں تاکہ اس ناسور کا قلع قمع کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:
بارہمولہ پولیس نے ضبط شدہ ممنوعہ مواد و منشیات کو تباہ کردیا