شوپیاں (شاہد ٹاک): جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع سے جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شد و مد سے جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ مغل روڈ کو گزشتہ سال نومبر میں برفباری کے بعد بند کر دیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہ شاہراہ ٹریفک کے لیے غیر فعال رہی۔
حکام کا کہنا ہے کہ میکینکل ڈپارٹمنٹ نے شاہراہ پر لال غلام علاقے تک برف صاف کی ہے جب کہ اب کچھ ہی کلومیٹر پر سے برف صاف کرنے کا کام باقی ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ ’’سڑک کے کئی مقامات پر تودے اور بڑے پتھر گر آنے کے شاہراہ بحال کرنے کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس کے باوجود عملہ دن رات محنت سے کام کر رہا ہے تاکہ جلد از جلد سڑک کو قابلِ آمد و رفت بنایا جا سکے۔‘‘ تاہم مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ حکام کی جانب سے سرعت سے کام انجام نہیں دیا جا رہا ہے۔
ضلع انتظامیہ شوپیاں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شاہراہ پر اس وقت تک سفر سے گریز کریں جب تک مکمل طور پر اسے محفوظ اور صاف نہ بنایا جائے۔ دریں اثنا، ایم ایل اے شوپیاں شبیر احمد کُلے اور ڈپٹی کمشنر شوپیاں نے مغل روڈ کا دورہ کر کے برف ہٹانے کے جاری کام کاج کا جائزہ لیا۔ وہیں مقامی لوگوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مغل روڈ پر برف ہٹانے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ یہ اہم شاہراہ دوبارہ عوام کے لیے کھولی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:
مغل شاہراہ بند ہونے سے روزگار ٹھپ، بندش کے سبب وادی میں روزمرہ کی زندگی متاثر