اننت ناگ : منشیات کی لعنت کے خلاف مہم میں ایک بڑی کاروائی کرتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے ضلع کے مختلف مقامات پر چھاپے ڈالے جس کے نتیجے میں مٹن تھانہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے گاؤں وانٹراگ میں تین الگ الگ رہائشی مکانات سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئیں۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے جہانگیر احمد خان ولد محمد عبداللہ خان ساکن ونترگ کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے تلاشی کاروائی کے دوران 23 کیلو 330 گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت ایف آئی آر نمبر 29/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وہیں ایک اور کارروائی میں اُسی گاؤں میں ریاض احمد خان ولد شیر افضل خان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے پولیس نے 3 کیلو 670 گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا اور ایف آئی آر نمبر 30/2025 سیکشن 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تیسری کاروائی میں، پولیس نے ونتراگ گاؤں کے نوشاد پٹھان کے گھر پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں 3 کیلو 900 گرام چرس پاؤڈر برآمد ہوا۔ اس سلسلہ میں ایف آئی آر نمبر 31/2025 سیکشن 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ میں منشیات فروش کی 1 کروڑ مالیت کی جائیداد قرق - ATTACHES PROPERTY IN ANANTNAG
مجموعی طور پر 30 کیلو900 گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا گیا جس میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ضلع سے منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے اننت ناگ پولیس کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔ تینوں کیسز کی تفتیش جاری ہے۔ اس معاملہ میں مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں متوقع ہیں۔