گاندربل : گاندربل پولیس نے جمعرات کو کہا کہ 09 کنال اور 07 مرلے کی زرعی اراضی کی شکل میں غیر منقولہ جائیداد کو قرق کیا گیا ہے جس کی مالیت 3.47 کروڑ روپے ہے۔ پولیس کے مطابق یہ جائیداد تین افراد کی ہے، جنہوں نے غیر قانونی طور پر اسلحہ اور گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر پاکستان منتقل ہوئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ گاندربل پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لئے غیر قانونی طور پر سرحد پار پاکستان جانے والے 3 افراد کی 3 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کی 9 کنال 7 مرلہ زرعی اراضی کی شکل میں غیر منقولہ جائیداد ضبط کرکے سرکاری تحویل میں لے لی ہے۔ یہ کاروائی ایڈیشنل سیشن جج گاندربل کی عدالت کے حکم کے بعد کی گئی جبکہ اس معاملہ میں پولیس اسٹیشن کھیرباوانی نے ایف آئی آر نمبر 48/2009 U/S 13 ULAP ایکٹ کے تحت درج کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ میں منشیات فروشوں کی 75لاکھ روپے مالیت کی جائیداد قرق - DRUG PEDDLERS PROPERTY ATTACHED
"تین افراد جن کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں ان کی شناخت فردوس احمد وانی ولد مرحوم احمد وانی رہائشی ٹریسا صفا پورہ، محمد رمضان بھٹ ولد مرحوم غلام رسول بھٹ رہائشی بٹ پورہ صفا پورہ اور محمد ایوب گنائی ولد مرحوم غلام رسول گنائی کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ کاروائی عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف گاندربل پولیس کی بلا روک ٹوک کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔